ممبئی: بالی ووڈ کا شمار دنیا کی بڑی فلم انڈسٹریز میں ہوتا ہے جہاں فلم بنانا صرف شوق نہیں بلکہ بزنس بن گیا ہے جس میں کروڑوں کی سرمایہ کاری کی جاتی ہےجس میں سب سے زیادہ منافع فلموں میں مرکزی کردار کرنے والے اداکاروں کو حاصل ہوتا ہے۔
بالی ووڈ فلموں میں ہیرو کی اہمیت سب سے زیادہ ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ ان کا معاوضہ کروڑوں میں ہوتا ہےاور اب تو بھارتی فلم انڈسٹری کے صف اول کے اداکارجن میں شاہ رخ، سلمان، عامر خان اوراجے دیوگن وغیرہ شامل ہیں فلموں میں کام کرنے کا معاوضہ لینے کے بجائے شراکت داری(پارٹنر شپ) کرتے ہیں جس کی مد میں ایک فلم کے عوض پرکشش معاوضہ ان کی جیب میں منتقل ہوجاتا ہے۔ تاہم بالی ووڈ میں جتنی اہمیت ہیرو کو حاصل ہوتی ہے اداکاراؤں کو حاصل نہیں ہوتی، انہیں ہیرو کے مقابلے میں انتہائی کم معاوضہ دیاجاتا ہے۔
عالیہ بھٹ:نامور بالی ووڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کا شمار بالی ووڈ کی صف اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے بہت کم وقت میں اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ عالیہ بھٹ نے 2017 کی پہلی کامیاب فلم ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘میں کام کیا تاہم وہ رواں سال سب سے کم معاوضہ حاصل کرنےو الی اداکاراؤں میں شامل رہیں۔ عالیہ بھٹ کی 2017 کی کمائی محض 4کروڑ50لاکھ تھی۔
سوناکشی سنہا:
سوناکشی سنہا کے ستارے کافی عرصے سے گردش میں ہیں۔ رواں سال انہوں نے ’نور‘اور ’اتفاق‘نامی فلموں میں کام کیا لیکن شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں انہوں نے 2017 میں 3 کروڑ70لاکھ معاوضہ حاصل کیا۔
شردھا کپور:
نامور بالی ووڈ اداکارہ شردھا کپور کے لیے 2017 زیادہ خاص ثابت نہیں ہوا۔ شردھا کی رواں سال تین فلمیں’او کے جانو‘،’ہاف گرل فرینڈ‘اور ’حسینہ پارکر‘ریلیز ہوئیں۔ جن میں سے صرف ’ہاف گرل فرینڈ ‘نے جزوی کامیابی حاصل کی جب کہ باقی دونوں فلمیں باکس آفس پر بری طرح ناکام ہوگئیں ۔ شردھا کپور کی رواں سال کمائی 3 کروڑ50لاکھ رہی۔
سونم کپور:
بھارتی اداکار انیل کپور کی بیٹی اور بالی ووٖڈ کی معروف اداکارہ سونم کپور نے رواں سال 2کروڑ50لاکھ روپے کمائے۔
پرینیتی چوپڑا:
نامور بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا رواں سال فلموں سے زیادہ وزن کم کرنے کے باعث خبروں میں رہیں ۔ عشق زادے‘’ہنسی تو پھنسی‘جیسی کامیاب فلمیں دینے والی اداکارہ پرینیتی چوپڑا کی بھی اس سال دو فلمیں’میری پیاری بندو‘اور’گول مال اگین‘ریلیز ہوئیں۔ میری پیاری بندو تو باکس آفس پر ناکام ہوگئی لیکن گول مال اگین نے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دئیے۔ پرینتی چوپڑا نے رواں سال اپنی فلموں کے عوض 2 کروڑایک لاکھ کا معاوضہ حاصل کیا۔
الیانا ڈی کروز:
ساؤتھ انڈین فلموں سے مقبولیت حاصل کرنے والی خوبرو اداکارہ الیانا ڈی کروز نے بالی ووڈ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایاہے۔ الیانا نے ’برفی‘،’میں تیرا ہیرو‘، ’پھٹاپوسٹرنکلاہیرو‘اور’رستم‘جیسی بہترین فلموں میں کام کیا ہے۔ جب کہ رواں سال وہ دو فلموں’مبارکاں‘اور’بادشاہو‘میں نظرآئیں اور ایک کروڑ 60 لاکھ معاوضہ حاصل کیا۔
جیکولین فرنینڈس:
فلم ’کک‘ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے رواں سال ’ڈرائیو‘، ’اے جینٹل مین‘ اور جڑواں2‘میں کام کیا لیکن صرف ’جڑواں2‘ہی کامیاب ہوسکی باقی دونوں فلمیں کب سینما میں لگیں اور کب اترگئیں کسی کو پتہ نہیں چلا۔ انہوں نے 2017 میں ایک کروڑ50 لاکھ روپے کمائے۔
دیشا پٹانی:
فلم’ایم ایس دھونی‘کے ذریعے بالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی اداکارہ دیشا پٹانی رواں سال معاوضہ حاصل کرنے والی اداکاراؤں میں سب سے پیچھے رہیں انہوں نے 2017 میں صرف ایک کروڑ روپے کمائے۔