وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا کہ ڈگڈگی بجانے والے لوگ نہیں چاہتے کہ سی پیک بنے اور یہاں کے لوگوں کی قسمت بدلے، قوم کے دشمن گوادر کی ترقی روکنے کی قیمت وصول کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار گوادر میں گوادر اکنامک فورم کی لانچنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وفاقی وزیر جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عامرریاض سمیت گوادر کے سرمایہ کاروں نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلی بلوچستان نواب زہری نے کہا کہ گوادر کے مقامی لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے گوادر کے لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری قانون سازی کی اجازت دی ہے۔
وزیراعلٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم نے کبھی ہندو کی غلامی نہیں کی اور نہ ہی کریں گے، محدود وسائل میں کوئی بھی مستقل طور پر سوئزرلینڈ نہیں رہ سکتا، سی پیک کے خلاف چند لوگوں کے احتجاج کی تصویریں اور ویڈیو مودی کو دکھا کر قیمت وصول کی جاتی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سی پیک کی مخالفت کرنے والے اقتدار میں آکر سب کچھ بھول جاتے ہیں۔ آج بلوچ کی قسمت بدل رہی ہے لیکن یہ عناصر اپنے آقا کی خوشنودی کے لیے بلوچوں کے منہ کا نوالہ چھیننا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دنیا میں لوگ اپنے وسائل سے فائدہ اٹھاتے ہیں، جیسا کہ دبئی، سنگارپور اور تائیوان نے کیا۔ اس سے قبل وزیراعلیٰ بلوچستان نے گرلز انٹر کالج اور بوائز ڈگری کالج کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے گرلز انٹر کالج کی اپ گریڈیشن، ہاسٹل اور ٹیچرز کالونی کی تعمیر کے لیے فنڈز کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔