اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے نااہلی کیس میں عمران خان اور جہانگیر ترین سے جواب طلب کر لیا جب کہ سپریم کورٹ میں نا اہلی ریفرنس کی سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
سپریم کورٹ میں عمران خان اور جہانگیر ترین کے خلاف نا اہلی کی درخواستوں پرسماعت ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی مقدمے میں وفاق اور الیکشن کمیشن کو فریقین بنانے کی درخواست پرنوٹس جاری کر دیا جب کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان اور جہانگیر ترین سے نااہلی کی درخواستوں پر 6 دسمبر تک جواب طلب کرلیا۔
اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان ویمن ٹیم کے ساتھ کھیل سے انکار بھارت کو مہنگا پڑ گیا
واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے اثاثے چھپانے پر عمران خان اور جہانگیر ترین کی نا اہلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جب کہ درخواست گزار اکرم ڈھلوں نے تحریک انصاف کے دونوں کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کر رکھی ہے۔ گزشتہ روز سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کوبتایا گیا کہ جہانگیر ترین کو غیر قانونی طریقے سے تجارت کے ذریعے پیسہ بنانے کے 8 سال پرانے کیس میں مجرم قرار دیا گیا تھاجس میں انہوں نے 7 کروڑ روپے واپس کر دیئے ہیں۔