چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر)سردار رضا خان عمران خان نااہلی ریفرنس میں طلال چودھری کے وکیل پر برہم ہوگئے اوراکرم شیخ کی ریفرنس کو دیگر کیسز سے منسلک کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4رکنی کمیشن نے اسپیکر ایاز صاد ق کے پی ٹی آئی سربراہ عمران خان اور جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس کی سماعت ہوئی ۔طلال چودھری کے وکیل اکرم شیخ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آف شورکمپنی نیازی سروسزکوگوشواروں میں ظاہرنہیں کیا،ہم الیکشن کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ اس ریفرنس کو دیگرکیسزکے ساتھ منسلک کیا جائے۔جسٹس (ر) سردار رضا خان نے ان کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ کیسز کو یکجا کرنے کا نیا شوشہ چوڑ رہے ہیں، لگتا ہے آپ سب سیاست کررہے ہیں۔طلال چودھری کے وکیل نے اس موقع پر اضافی دستاویزات جمع کرانے کی مہلت طلب کی ،جس پر چیف الیکشن کمیشن نے نااہلی ریفرنس کی سماعت 10جنوری تک ملتوی کردی ۔