لاہور: اداکارہ و ماڈل مومل شیخ نے کہا ہے کہ جس طرح فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی، اسی طرح سچے فنکاروں کوفلم اورٹی وی کی کیٹگری میں تقسیم کرنا درست نہیں ہے۔
گفتگو کرتے ہوئے مومل شیخ نے کہاکہ ایک نوجوان جب شوبز کی دنیا میں قدم رکھتا ہے تواس کے کچھ ٹارگٹ ہوتے ہیں اور آگے بڑھنے کے لیے ایک طریقہ کاربھی اس کے ساتھ ہوتا ہے۔ جس کے تحت وہ کام کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنواتا ہے لیکن بدقسمتی سے ہمارے ہاں جب ایک فنکارکسی ٹی وی ڈرامہ میں مقبول ہوجائے تو پھر اس کو ٹی وی تک ہی محدود رہنے دیا جاتا ہے۔
مومل شیخ نے کہا کہ اسی طرح فلم انڈسٹری میں کسی کو اچھا مقام مل جائے تو پھر وہ ٹی وی پر کام کرنے سے گریز کرتا ہے۔ جس کی وجہ اس کے ’’اسٹارڈم‘‘ میں کمی مانا جاتا ہے۔ مگر میرے نزدیک شوبز میں حد بندی کوئی درست عمل نہیں ہے۔ ایک فنکار کو فنون لطیفہ کے تمام شعبوں میں کام کرنا چاہیے۔ بلاشبہ فلم ایک بڑا اور مقبول میڈیم ہے لیکن لوگوں کی بڑی تعداد ٹی وی ڈرامے دیکھتی اور انہی سے انٹرٹین ہوتی ہے۔ اس لیے اب وہ دورنہیں رہا جب ایک مقبول فنکار کسی ایک میڈیم تک خود کو محدود رکھ لے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کے سپر اسٹارز شاہ رخ، سلمان خان اور امیتابھ کے علاوہ بہت سے اب تو فلموں کے ساتھ ٹی وی پربھی خوب کام کررہے ہیں۔ اگر ٹی وی پر کام کرنے سے ان کی شہرت اور مقبولیت میں کوئی کمی آتی تو یہ مقبول فنکار کبھی بھی ٹی وی پر کام کرنے کو ترجیح نہ دیتے۔ اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ اب وقت بدل چکا ہے اور ہمیں اپنی سوچ کو بدلنے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مومل نے کہا کہ میں نے فیشن انڈسٹری میں کام کے ساتھ ٹی وی، فلم میں ایکٹنگ کی اور بطور میزبان بھی اپنی صلاحیتوں کو منوایا۔ میں سمجھتی ہوں کہ ایک فنکار میں اگر ٹیلنٹ ہے تو اس کو ضرور تمام شعبوں میں قسمت آزمانی چاہیے۔