ننکانہ صاحب(نمائندہ یس اردو سے)وزیر اعلیٰ پنجاب صاف پانی کمپنی کے چیئر مین اور رکن صوبائی اسمبلی مہر کاشف رنگ الہیٰ پڈھیار نے کہا ہے کہ 72 ارب روپے کی لاگت سے صاف پانی منصوبے سے صوبے کے 4 کروڑ سے زائد لوگوں کو پینے کا صاف پانی میسر آئے گا ، صاف پانی کی فراہمی کے اس منصوبے پر کام تیزی سے جا ری ہے ،منصوبے کے پہلے مرحلے میں بہاولپور ،رحیم یار خان ،خان پور اورلودھراں میں صاف پانی کی فراہمی کا کام ہو رہا ہے آئندہ چند روز تک ضلع قصور میں بھی کا م کا آغاز کر دیا جا ئے گا ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ننکانہ صاحب کے علاقہ واربرٹن میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ 2018 کے انتخابات سے قبل صوبے بھر میں 4 کروڑ سے زائد افراد کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا کام مکمل کر لیا جا ئے گا ، منصوبے کے دوران شفافیت کو برقرار رکھنے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔لوگوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ صاف پانی کمپنی ایک خود مختار ادارہ ہے جس کا قیام 2004 میں عمل میں لایا گیا تھا ،وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف اربوں روپے کے اس منصوبے کی خود نگرانی کر رہے ہیں