بھارت کے سابق وزیر خزانہ پی چدم برم نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی 100 ویں سالگرہ نہ منانا شرمناک ہے، کانگریس کے سینئر رہنما نے مودی پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنی معاشی پالیسیوں میں ناکام ہوچکے ہیں اور اب غریبوں کے ہمدرد بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اندرا گاندھی کئی معاملات میں انتہائی کامیاب رہیں تاہم انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا تھا کہ ملک میں ایمرجنسی نافذ کرکے انہوں نے غلطی کی تھی، 19 نومبر 1917 کو الہ آباد میں آنند بھون کے گھر پیدا ہونے والی ننھی بچی کا نام اندرا پریادرشنی رکھا گیا تھا اور وہ بڑی ہوکر بھار ت کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔ خاندان کے بعض افراد لڑکی کی پیدائش پر مایوس تھے لیکن اندرا کے والد جواہر لال نہرو کو ان کی پیدائش پر فخر تھا ۔ 26 مارچ 1942 کو اندرا گاندھی کی فیروز گاندھی سے شادی ہوئی ، 1959-60 ء میں وہ کانگریس کی صدر بنیں۔ 31 مارچ 1984ء کو اندرا گاندھی کے دو محافظوں نے ان کو گولی مار کر قتل کردیا تھا۔