سینٹرل بورڈ آف فلم سنسر اسلام آباد نے 17 نومبر کو ریلیز ہونے والی پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی فلم ’ورنہ‘کو نامناسب قرار دیتے ہوئے اس کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔
مرکزی سنسر بورڈ کے چیئرمین مبشر حسن کا کہنا ہے کہ بورڈ کے پانچوں ارکان نے متفقہ طور پر فلم ʼورنہʼ کو پاکستان میں عوامی نمائش کے لیے نا موزوں قرار دیا ہے تاہم اس پر مزید غور کے لیے 1980 کے فلم کوڈ اور دیگر مروجہ قوانین کے تحت دوبارہ غور کیا جارہا ہے۔
فلم ʼورنہʼ کی کہانی ایک ایسی خاتون کی ہے جسے گورنر پنجاب کا بیٹا زیادتی کا نشانہ بناتا ہے اور وہ پھر انصاف کیلئے اپنی جدو جہد کرتی ہے۔فلم میں یہ کردار اداکارہ ماہرہ خان نے نبھایا ہے۔ ذرائع کے مطابق اس فلم پرسنسر میں یہی اعتراض آیا ہے کہ ایک صوبے کے گورنر کو خصوصیت سے نشانہ بنایا گیا ہے جبکہ اسی صوبے کے ایک گورنر کو ماضی میں اگرچہ کسی دوسری وجہ سے قتل بھی کیا جا چکا ہے
۔واضح رہے کہ اس سے قبل شعیب منصور کی فلم ’مالک‘ کو بھی نمائش کیلئے پیش کئے جانے کے چند روز بعد بند کر دیا گیا تھا جس میں کرپشن کے موضوع کو زیر بحث لایا گیا تھا۔