اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ افغانستان میں نئی دلی کے راستے امن نہیں آسکتا اور امریکا سے لڑنا نہیں چاہتے مگر لیٹنا بھی نہیں چاہتے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا ہمارا نان نیٹو درجہ اور مالی معاونت ختم کردے تا کہ قوم جاگ جائے، افغانستان میں امن براستہ نئی دہلی نہیں آ سکتا، ہم امریکا سے لڑنا نہیں چاہتے مگرلیٹنا بھی نہیں چاہتے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانیوں نے یک زبان ہو کر امریکی الزامات کو مسترد کیا، مشترکہ بیانیہ بنانا چاہیے اس سے مثبت پیغام جائے گا، ہمیں ایران کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے چاہیں، ایران جانے کی چوہدری نثار کی بات پر اتفاق کرتا ہوں، ہم بھارت سے بھی پرامن تعلقات چاہتے ہیں لیکن وہ مذاکرات کو تیارنہیں تو پاکستان کیا کرے، کشمیر میں بھارت کی جانب سے نہتے کشمیریوں پر ظلم امریکا کو کیوں دکھائی نہیں دیتا، بھارت کے ایٹمی اسلحے میں روز بروز اضافہ امریکا کو کیوں نظر نہیں آتا۔