کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر عاصم کو طبی سہولیات دینے سے متعلق درخواست نمٹا دی، عدالت کا کہنا ہے ڈاکٹر عاصم کو ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکتا، رینجرز انہیں تمام طبی سہولیات فراہم کرے۔
سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس سجاد شاہ نے سابق مشیر پٹرولیم اور سندھ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر عاصم کو طبی سہولیات دینے کے حوالے سےدرخواست کی سماعت کی۔
ڈاکٹر عاصم کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ صحت کی خرابی کے باعث ان کے موکل کو ہستپال منتقل کرنے کی ہدایت کی جائے، رینجرز کے لا افسر کا کہنا تھا ڈاکٹر عاصم حسین کو تمام طبی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔
کسی کی خواہش پر ڈاکٹر عاصم کو ہسپتال کے بستر پر نہیں لٹا سکتے، وہ ہماری تحویل میں ہیں ، انہیں کچھ ہوتا ہے تو ہم ذمہ دار ہونگے ، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست نمٹا دی۔
عدالت نے قرار دیا کہ ڈاکٹر عاصم کو ہسپتال منتقل نہیں کیا جا سکتا، عدالت نے رینجرز کو ہدایت کی کہ ڈاکٹر عاصم کو تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں، سماعت کے دوران ڈاکٹرعاصم اور رینجرز کے وکلا کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔