پروفیسر ڈاکٹر عصمت اللہ پر قاتلانہ حملے کے خلاف پشاور کے تینوں بڑے تدریسی اسپتالوں میں ڈاکٹر آج یوم سیاہ منا رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جب تک حملہ آوروں کو گرفتار نہیں کیا جاتا،ان کا یہ احتجاج جاری رہے گا ۔
پشاور کے جن تین تدریسی اسپتالوں میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے ان میں لیڈی ریڈنگ، خیبر ٹیچنگ اور حیات آباد میڈیکل کمپلیکس شامل ہے۔
یوم سیاہ کا مقصد پروفیسرڈاکٹر عصمت اللہ پر ہونے والے قاتلانہ حملے کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں جب ڈاکٹروں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ حکومت انھیں تحفظ دینے میں تاحال ناکام رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عصمت پرقاتلانہ حملے میں ملوث افراد کی گرفتاری تک ان کا یہ احتجاج جاری رہے گا اور حملہ آوروں کو جلد گرفتار کر کے قرار واقعی سزا نہ دی گئی تو علامتی احتجاج عملی ہڑتال میں تبدیل ہوگا اور پشاور سمیت پورے صوبے میں اسپتالوں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔