لاہور (یس ڈیسک) ڈاکٹروں نے عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کو خطاب کرنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے ہر طرح کے دباؤ اور مشقت طلب سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان پاکستان عوامی تحریک کے مطابق ڈاکٹر طاہرالقادری کی انجیوگرافی کی گئی جس کی رپورٹ تسلی بخش نہیں اور رپورٹ میں ان کے دل کے 2 والو جزوی طور پر بلاک آئے ہیں جس کے بعد طاہر القادری کے مزید ٹیسٹ ہوں گے اور ان کا علاج جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر طاہر القادری 17 دسمبر کو عوامی تحریک کے ملک گیر احتجاج سے براہ راست خطاب کرنا چاہتے ہیں تاہم ڈاکٹروں نے انہیں احتجاج یا جلسے جلوسوں سے خطاب کرنے کی اجازت نہ دیتے ہوئے ہر طرح کے دباؤ اور مشقت طلب سرگرمیوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری گزشتہ ماہ سے علیل ہیں اور انہیں دل کا عارضہ لاحق ہے اور ان کی خراب صحت کے باعث عوامی تحریک نے طے شدہ جلسوں کو بھی ملتوی کر دیا ہے۔