لاہور: مسلم لیگ (ن) نے سرکاری و نجی ملازمین کی تنخواہیں ڈالر کی قیمت میں اضافے کے مطابق بڑھانے کے مطالبے کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی۔ مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں 42 فیصد اضافہ ہو چکا ہے جس کا براہ راست اثر ضروریات زندگی کی اشیاء پر بھی پڑ ھ رہا ہے۔پیٹرول، بجلی اور گیس کی قیمتیں بھی بڑھا دی گئی ہے لیکن سرکاری و نجی ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھائی گئی۔ پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ سرکاری و نجی ملازمین کی تنخواہیں مہنگائی کے تناسب سے بڑھائی جائیں۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کہی نیچے جا چکی ہے۔ عام شہری کے استعمال کی اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں 15 ہزار میں گھر چلانا عام آدمی کیلئے نا ممکن بن چکا ہے۔ سرکاری و نجی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ مہنگائی کے تناسب سے کیا جائے۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ دوسری جانب خبر کے مطابق ملک بھر کی طرح صوبہ بلوچستان میں بھی رمضان سے قبل مہنگائی نے شہریوں کی کمر توڑ دی، دوکانداروں نے دودھ، گوشت اور سبزیوں کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا، انتظامیہ قیمتوں میں قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں بکرے کے گوشت کی فی کلو قیمت میں 50 روپے کا مزید اضافہ کردیا گیا جس کے بعد فی کلو قیمت 850 تک پہنچ گئی، سرکاری قیمت فی کلو 650 روپے مقرر ہے۔ اسی طرح سبزیوں کی قیمتوں میں بھی دوگنا اضافہ کیا جاچکا ہے، توری کی فی کلو قیمت 40 روپے کے اضافے کے ساتھ 120 روپے، ٹماٹر کی قیمت میں 20 روپے اضافے کے ساتھ فی کلو قیمت 80 روپے ہوگئی۔ شملہ مرچ کی فی کلو قیمت میں 80 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی کلو قیمت 200 روپے ہوگئی