دو روز میں امریکی کرنسی کی قدر 1 روپے 25 پیسے گھٹ جانے سے بیرونی قرضوں کا بوجھ 70 ارب روپے کم ہوگیا ہے ۔
اسلام آباد (یس اُردو) انٹر بینک میں ٹریڈنگ کے دوران روپے نے ڈالر کو پچھاڑنا شروع کردیا ہے ۔ ڈیلرز کا کہنا ہے کہ وزارت خزانہ کے اقدامات اور سٹیٹ بینک کی مانیٹرنگ کے باعث سٹے بازوں کی حوصلہ شکنی سے امریکی کرنسی کی قدر میں مزید 75 پیسے کمی ہوئی اور یہ 104 روپے 25 پیسے کی سطح پر فروخت ہوتے دیکھی گئی ۔
اوپن مارکیٹ میں بھی روپے 20 پیسے مستحکم ہوا اور عوام کے لیے ڈالر کے دام 106 روپے 10 پیسے ہوگئے ۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈالر کی قدر کم ہونے سے نہ صرف درآمدی اشیاء کی لاگت گھٹ رہی ہے بلکہ بیرونی قرضوں کا بوجھ بھی ہلکا ہوتا جا رہا ہے جو سر دست ایک خوش آئند بات ہے ۔