اسلام آباد ( ویب ڈسک )پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ کن شرائط پر آئی ایم ایف سے معاہدے پر دستخط کئے جا رہے ہیں ،حکومت چور دروازے سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے جا رہی ہے ،قومی اسمبلی کا اجلاس موخر کرنا آئی ایم ایف سے ہونے والے مذاکرات کو قوم سے چھپانے کی سازش ہے ،قوم کو بتایا جائے ڈالر اور کتنا مہنگا ہو گا؟۔جمعرات کو ویڈیو بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ نالائق ، نااہل ، چور ، جھوٹی اور بد نیت حکومت چور دروازے سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے پر دستخط کرنے جا رہی ہے ، عوام سے حقائق کو چھپایا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اب تک پارلیمنٹ کو آئی ایم ایف کی شرائط کے بارے میں اعتماد میں نہیں لیاگیا ۔انہوں نے کہا کہ قوم کو بتایا جائے کہ بجلی، گیس اور دیگر اشیا کی قیمتوں میں مزید کتنا اضافہ کیاجارہا ہے ؟۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس موخر کرنے کی اطلاع آئی ہے ، حکومت قومی اسمبلی کے سامنے ٹیکس ایمنسٹی پیش کرنے کے بجائے آرڈیننس کا سہارا لینے جارہی ہے ،ٹیکس چوروں کو ایمنسٹی دینے کا انتظام کر لیاگیا ہے ، نیشنل اسمبلی کا اجلاس منسوخ کیا جا رہا ہے کیونکہ علیمہ باجی، جہانگیر ترین اور اپنے دائیں بائیں بیٹھے چوروں کو ٹیکس ایمنسٹی دینی ہے ۔ سکھر، اسلام آباد(نمائندہ دنیا، نیوز ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ ڈالر150روپے کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے ، حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے معاہدے کو چھپا رہی ہے ، پیپلزپارٹی حکومت کے خلاف نکل پڑی ہے ، اب عوام کی نہیں حکمرانوں کی چیخیں نکلیں گی جبکہ شیری رحمان نے کہا ہے کہ اسد عمر نے گزشتہ ایمنسٹی اسکیم کو ڈاکا قرار دیا تھا، اب وہ خود اسکیم لارہے ہیں۔ سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہاکہ آج تک کوئی وزیر اعظم آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر کے پاس نہیں گیا لیکن عمران خان گئے ، اگر قوم ایک ہوجائے تو ڈالر نیچے آجائے گا مگر افرا تفری مچی ہوئی ہے ،لیڈر شپ قوم کو طاقتور بنانے کے لئے امید دیتی ہے ، لیکن حکمران قوم کو امید کے بجائے چیخیں نکالنے کا کہتے ہیں، خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سوڈان، ایتھوپیا، شام یا یمن نہیں بننا چاہتے ، ہم قوم کو آفت سے بچانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اپنے وزراء کو ٹاسک دیا کہ ڈھونڈو کرپشن کہاں کہاں ہوئی، انہوں نے بیروزگاری و مہنگائی کو کم کرنے کی ہدایت نہیں دی۔ خورشید شاہ نے کہاکہ کرپشن کرپشن بہت ہوگیا، اب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ علاوہ ازیں پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایمنسٹی اسکیم ان لوگوں کے لیے سزا ہے جنہوں نے ہمیشہ ٹیکس دیا ، اسد عمر گزشتہ ایمنسٹی اسکیم کو ڈاکا قرار دیا تھا، اب اسد عمر خود ایمنسٹی اسکیم متعارف کروا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت عوام کو روز کڑوی گولی کھلا رہی ہے ، ملک بدترین اقتصادی بحران کا شکار ہے ، ملک تیزی سے معاشی بدحالی کی طرف بڑھ رہا ہے ۔ ملک تیزی سے معاشی بدحالی کی طرف بڑھ رہا ہے ۔