کیرولینا: امریکی صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نہ صرف دنیا بلکہ خود امریکا اور طویل جدوجہد کے بعد حاصل کی گئی آزادی اور انسانی حقوق کے لیے خطرہ ہیں۔
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم میں حصہ لیتے ہوئے باراک اوباما نے کہا کہ میں سب کو یہ بات سمجھانا چاہتا ہوں کہ جو کچھ ہم نے کیا ہے اس کا دارومدار اس پر ہے جسے ہم یہ اقتدار سونپیں گے اور وہ ایسا شخص ہونا چاہیے جو ان چیزوں پر بھروسہ کرے جس پر میں نے کیا، ڈونلڈ ٹرمپ ہماری شہری آزادیوں، امریکا اور دنیا کے لیے خطرہ ہیں، انتخاب کے روز گھروں میں بیٹھے رہنا ان لوگوں کے بہترین مفاد میں ہو گا جو ان شہریوں کی آواز کو دبانا چاہتے ہیں۔
صدر اوباما نے سیاہ فام امریکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ لوگ جو زیادہ پرجوش نہیں اور یہ سمجھتے ہیں کہ اوباما کا نام اس برس بیلٹ پیپر پر نہیں ہے انہیں اس بات کا احساس ہونا چاہیے کہ امریکا کی قسمت کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر ہے، دنیا کی قسمت لڑکھڑا رہی ہےاور آپ لوگ ہی ہیں جو اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ اسے سہارا دیا جائے۔