لندن: انسٹاگرام پر کسی ستم ظریف نے ملکہ برطانیہ کی تصویروں میں منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چہرہ اس طرح سے لگایا ہے کہ وہ بالکل اصلی معلوم ہوتا ہے اور یہ تصویریں دیکھنے والے ہنسنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر فوٹوشاپ کی گئی یہ تصویریں تیزی سے مقبول ہورہی ہیں البتہ ان کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ گرافک ڈیزائننگ کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جس کسی نے بھی یہ جعلی تصویریں بنائی ہیں وہ دراصل فوٹوشاپ پر اپنی مہارت کی داد وصول کرنا چاہتا ہے۔ یہ تصویریں جن کی تعداد درجنوں میں ہے او جی ٹرمپ کوئین نامی انسٹاگرام اکاؤنٹ پر گزشتہ کئی مہینوں سے دیکھنے والوں کو محظوظ کررہی ہیں۔ اگر آپ بھی ڈونلڈ ٹرمپ کو ملکہ برطانیہ کے روپ میں دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ انسٹاگرام اکاؤنٹ آپ ہی کے لیے ہے۔ اب یہی دیکھ لیجیے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے چہرے والی ملکہ برطانیہ کے چہرے پر کیسے تاثرات ہیں۔