واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چین نے شمالی کوریا کے جوہری ہتھیاروں کا مسئلہ حل کرانے میں مدد نہ کی تو امریکا خود بھی اپنے طور پر اقدام کرسکتا ہے۔
برطانوی اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا کہ شمالی کوریا پر چین سے تعاون کے حصول کے لیے تجارت کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو امریکا شمالی کوریا کے جوہری ہتھیار اور میزائل پروگرام کے خلاف اپنے طور پر اقدام بھی اٹھا سکتا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین کا شمالی کوریا پر کافی اثر و رسوخ ہے اور چین کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ شمالی کوریا کے خلاف ہماری مدد کے لیے تیار ہے یا نہیں۔ اگر چین ایسا کرتا ہے تو یہ اس کے لیے بہت ہی اچھا ہوگا اور اگر ایسا نہیں ہوتا تو یہ کسی کے لیے بھی اچھا نہیں ہوگا۔ شمالی کوریا کا مسئلہ حل کرنے کے بدلے چین کو امریکی پیشکش سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تجارت ہی پیش کش ہے سارا معاملہ ہی تجارت کا ہے اور اگر چین شمالی کوریا کا مسئلہ حل نہیں کرتا تو ہم کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے حوالے سے چین کو اس وقت تنبیہہ کی ہے جب دونوں ملکوں کے صدور کے درمیان جمعرات کو ملاقات طے ہے۔