ڈونلڈ ٹرمپ کے ڈاکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر اپنے بالوں کی حفاظت کیلئے ادویات کا استعمال کرتے ہیں۔
لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شخصیت ہمیشہ سے متنازع رہی ہے، سوشل میڈیا پر جہاں ان کی شخصیت کے بارے میں چہ مگوئیاں ہوتی ہیں تو وہیں ان کے بالوں کو لے کر بھی کئی کہانیوں نے جنم لیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ بات پھیلائی گئی کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بال اصلی نہیں اور وہ اپنا گنج چھپانے کیلئے وگ استعمال کرتے ہیں۔ یہ خبر اتنی پھیلی کہ انھیں خود ٹویٹر پر آ کر اس کی سختی سے تردید کرنا پڑی۔
امریکی صدر کے معالج ہیرلڈ بورنسٹائن نے غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے بالوں کی گروتھ اور حفاظت کیلئے باقاعدگی سے ادویات کا استعمال کرتے ہیں۔ معالج کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے بال اصلی ہیں اور وہ وگ استعمال نہیں کرتے تاہم ان کی گروتھ کیلئے ادویات کا استعمال ضرور جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ہیرلڈ بورنسٹائن کا مزید کہنا تھا کہ جلدی مرض کیلئے ڈونلڈ ٹرمپ باقاعدگی سے اینٹی بائیوٹک اور دل کے دورے سے بچنے کیلئے روزانہ ایسپرین کی معمولی سی مقدار بھی لیتے ہیں۔