سان تیاگو: چلی کے ساحلی شہر والپارازیو کے نواحی جنگل میں لگنے والی آگ سے درجنوں مکانات جل کر خاک ہوگئے۔
گزشتہ شام والپارازیو کے قریبی جنگل لاگونا وردے میں لگنے والی یہ آگ تیز ہواؤں کی وجہ سے جلد ہی قریبی پہاڑی پلایا آنچا پر موجود آبادی تک پھیل گئی جس نے راتوں رات وہاں بنے ہوئے کم از کم 100 مکانات جلا کر خاک کردیئے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق اس آگ سے 19 افراد زخمی جبکہ 400 افراد بے گھر ہوئے ہیں۔ مقامی فائر بریگیڈ اس آگ کو بجھانے میں ناکام رہی جبکہ کئی گھنٹوں تک تباہی پھیلانے کے بعد یہ آگے بالآخر صبح تک بجھ گئی۔چلی کی وزارتِ داخلہ نے والپارازیو میں رہنے والوں سے کہا ہے کہ جب تک وہاں سے دھواں مکمل طور پر ختم نہیں ہوجاتا تب تک وہ ماسک پہن کر رکھیں۔واضح رہے کہ 2014 میں بھی والپارازیو کے نواحی جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے 2500 مکانات خاکستر کردیئے تھے جبکہ اس سانحے میں 15 افراد بھی ہلاک ہوئے تھے۔