counter easy hit

ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق کوئی تازہ اطلاع نہیں، فوزیہ صدیقی

ڈاکٹر عافیہ صدیقی رہائی موومنٹ کی رہنما، عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ اور نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس امریکی جیل میں قید ان کی ہمشیرہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحت، خیریت اور زندگی کے متعلق کوئی تازہ اطلاع نہیں ہے۔

Dr. Aafia Siddiqui has no fresh news, Fauzia Siddiquiڈاکٹر عافیہ صدیقی کی زندگی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کے حوالے سے نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان، دفتر خارجہ اور امریکی جیل حکام کی جانب سے تاحال ڈاکٹر عافیہ کے حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی اطلاع ان کے اہل خانہ کو نہیں دی گئی ہے جبکہ قیدیوں کے آن لائن اسٹیٹس میں بھی عافیہ صدیقی بدستور زندہ ہیں

انہوں نے بتایا کہ وہ اور دیگر اہل خانہ گزشتہ دو سال سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے رابطے میں نہیں ہیں اور سوشل میڈیا پر پھیلی گئی ڈاکٹر عافیہ سے متعلق دلخراش افواہوں کی نہ ہی تصدیق کر سکتے ہیں اور نہ ہی تردید۔

اپنے بیان میں ڈاکٹر فوزیہ نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی قسم کی افواہوں پر یقین نہ کریں بلکہ عافیہ صدیقی کی سلامتی اور باخیر و عافیت واپسی کیلئے دعا کریں۔

انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے حوالے کسی بھی تبدیل ہوتی صورتحال پر امریکی حکام کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس کے لواحقین کو فوری آگاہ کریں تاہم امریکی حکام کی جانب سے اس حوالے سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، نہ ہی متعلقہ قونصلیٹ یا سفارت خانے کی جانب سے اس حوالے سے کوئی رابطہ کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں متعلقہ پاکستانی قونصلیٹ سے اس حوالے سے رابطہ کیا گیا تو قونصل عائشہ فاروقی کا بذریعہ ای میل جواب موصول ہوا کہ وہ پیر کے روز ہی اس حوالے سے کچھ بتا سکیں گی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق افواہوں کے زور پکڑنے کے بعد ہزاروں افراد فون، ای میلز، ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کرکے عافیہ صدیقی کی خیریت سے متعلق دریافت کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی گرفتاری کے بعد سے کئی بار ان کی زندگی سے متعلق افواہیں ماضی میں بھی گرم رہی ہیں، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں قوم سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سلامتی اور گھر واپسی کیلئے خصوصی دعاؤں کی اپیل کی ہے۔