اسلام آباد(ایس ایم حسنین) افغانستان کی اعلیٰ کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کریں گے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ باہمی پارلیمانی روابط کو مربوط بنانے کیلئے لائحہ عمل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی افغان وفد کے رہنما کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔ ظہرانے میں وفاقی وزرا، وزرائے مملکت، اراکین پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکومتی عہدیداران شرکت کریں گے۔