لندن (پ۔ر) رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد کریم نے گذشتہ روز اپنے ساتھیوں کے ہمراہ برطانیہ کی نئی وزیراعظم تھریسا مئی سے ڈاؤنگ سٹریٹ لندن میں ملاقات کی۔ ایک گھنٹے کی اس ملاقات کے دوران یورپ میں برطانیہ کی مستقبل کی پالیسی پر بات چیت کی گئی۔
ڈاکٹر سجاد کریم سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے بہت زیادہ قریب تھے اور ای یو پارلیمنٹ کے دیرینہ رکن کی حیثیت سے وہ برطانیہ کی یورپی ٹیم میں پیش پیش رہے ہیں۔
سجادکریم گذشتہ بارہ سالوں سے یورپی پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔ اس دوران وہ کنزرویٹو زکی طرف سے پارلیمنٹ کی صدارت کے امیدواربھی تھے اوراس وقت وہ اپنے گروپ کے قانونی امورکے ترجمان بھی ہیں۔اب وہ برطانیہ کے یورپ سے انخلاء کے متعلق اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔
نئی برطانوی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد انھوں نے بتایاکہ برطانیہ کا یورپ سے انخلاء ایک پیچیدہ مرحلہ ہے اور ہمارے کنزرویٹواراکین پارلیمنٹ کےفرنٹ بینچ کواجتماعی طورپر ایک ایسے تجربے اور مہارت کی ضرورت ہے جسے ہم اس عمل کے دوران وزیراعظم اوران کی حکومت کے سامنے پیش کرسکیں۔
جہاں تک میرا تعلق ہے، میں نے وزیراعظم کو سننے کے بعد واضح کیاہے کہ میں برطانیہ کے بہترین مفادمیں کام کروں گا اوراپنی تعمیری خدمات جاری رکھوں گا۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق برطانیہ کے مفاد کے تحفظ کی ہرممکن کوشش کروں گا۔