اسلام آباد (ویب ڈیسک) سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیر کا سودا کریں، انہیں مودی اور امریکہ نے ٹریپ کرنے کی کوشش کی تھی لیکن پوری قوم کشمیریوں کیلئے اٹھ کھڑی ہوئی۔ نجی ٹی وی جی این این کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ واشنگٹن ڈی سی کے ایک ہوٹل میں آپ پروگرام نہیں کرسکتے لیکن امریکی اسٹیبلشمنٹ نے ہزاروں لوگوں کا جلسہ کرنے کی اجازت دے دی۔ عمران خان کو کچھ غیر معمولی ہونے کا احساس ہوا ہوگا اور انہیں بھی اندازہ ہورہا ہوگا کہ یہ ایک ٹریپ ہے ۔ ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا یہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ عمران خان کشمیر کے معاملے پر سودا کرے ، مودی نے گارنٹی دی تھی کہ 4 سے 5 دن میں وہ سب ٹھیک کردیں گے بس پاکستان کے اندر سے کوئی جنگ کی بات نہ کرے ، چاہے نعرے اور بیان بازی کا سلسلہ دونوں طرف سے جاری رہے۔ مودی کی گارنٹی کے برعکس کشمیر کے معاملے پر عوام کا قابل ذکر رد عمل آیا اورمہینہ ہوگیا لیکن معاملات درست نہیں ہوسکے۔ سینئر تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ جمعہ کو جتنے جوش و خروش کے ساتھ پاکستانی سڑکوں پر نکلے ہیں اتنا جوش تو 14 اگست کو بھی دیکھنے کو نہیں ملا۔ دوسری جانب ایک خبر کے مطابق جماعت اسلامی نے مسئلہ کشمیرپر حکومت کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا۔ امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ وزیراعظم صاحب! گھبرائیں نہیں پوری قوم آپ کےساتھ ہے، حکومت کشمیرکی آزادی کیلئے جو بھی اقدامات کرے گی ہم اس کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ وزیراعظم سےکہتا ہوں گھبرائیں نہیں پوری قوم آپ کےساتھ ہے۔ حکومت کشمیر کی آزادی کے لئے جو بھی اقدامات کرے گی ہم اس کے ساتھ ہیں۔ سینیٹرسراج الحق نے کہا کہ حکومت اب بیانات اور تقریروں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں 26 دن کے کرفیو کے نتیجہ میں زندگی رک گئی ہے۔ خوراک، ادویات، دودھ ختم اور لوگ پینے کے پانی تک کو ترس رہے ہیں۔ لیکن دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت نعرے بازی اور دعوئوں کے علاوہ بھی کوئی کام کرے۔ کشمیری پاکستان اور ہمارے وزیراعظم امریکہ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پہلے دن ہی ایل او سی پر لگی باڑ کو اکھاڑ پھینکنا چاہئے تھا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ قوم نے آج جس طرح کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس پر مجھے فخر ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام کو فاشسٹ مودی حکومت کے وحشیانہ اقدامات کا سامنا ہے۔ قوم نے کشمیریوں کو باور کرایا کہ وہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ آر ایس ایس کے نازی نظریے سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کو بھی خطرہ ہے۔ قوم نے دنیا کو بھارت میں آر ایس ایس کے نازی نظریے سے بھی آگاہ کیا ۔ کشمیریوں پر فسطائی مودی حکومت مسلط ہے۔ فاشسٹ مودی حکومت کا مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کا ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں کرفیوکے خاتمے کے لئے عالمی دنیا کو کردارادا کرنا چاہیے۔ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ قوم نے جس طرح کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا اس پر مجھے فخر ہے۔