ہرارے: زمبابوے میں شادی کی تقریب کے دوران ایک نوجوان نے شراب کے نشے میں دھت ہوکر مگرمچھوں کے تالاب میں چھلانگ لگالی اسے بڑی مشکل سے بچایا گیا تاہم وہ اپنے ایک بازو سے محروم ہوگیا۔
عینی شاہدین کے مطابق کولِن ملر نامی نوجوان نشے میں مدہوش تھا، وہ قریبی شراب خانے میں گھسا اور اپنی قمیص اتار کر وہاں کی کھڑکی سے تالاب میں کود گیا۔ اس طرح وہ حفاظتی باڑ کو عبور کرکے تالاب میں عین مگرمچھوں کی جگہ پہنچ گیا جہاں یہ سانحہ پیش آیا۔
اس کے بعد دو افراد نے بہادری سے آگے بڑھ کر اسے بچانے کی کوشش کی لیکن اس وقت تک مگرمچھ اس کا بازو کاٹ چکے تھے۔ ہوٹل انتظامیہ نے پالتو مگرمچھ عوامی دلچسپی کے لیے رکھے تھے اور ان کے گرد حفاظتی باڑھ لگائی گئی تھی اس میں سراسر کولِن کا قصور تھا کہ جو دور کی کھڑکی سے کود کر تالاب تک پہنچا۔
عینی شاہدین کے مطابق 21 سالہ کولن مِلر کا بچ جانا ایک معجزہ ہے کیونکہ اس کا سر ایک دوسرے مگرمچھ کے جبڑوں میں پھنسا تھا۔ یہ واقعہ ایک پرفضا مقام وکٹوریا فال میں پیش آیا جہاں ایک شراب خانہ بھی تھا۔
واقعے کے فوری بعد کولن کو اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ خطرے سے باہر ہے لیکن اسے گردن اور چہرے پر بھی زخم آئے ہیں جب کہ وہ ایک بازو سے محروم ہوچکا ہے۔