ابوظہبی….متحدہ عرب امارت کے نائب صدر اور دبئی کے حکمراں الشیخ محمد بن راشد المکتوم اپنی دلچسپ شخصیت اور منفرد کاموں کی وجہ سے مشہور ہیں۔گزشتہ دنوں بھی انہوں نے اپنے ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر جاری ٹوئیٹس کے ذریعے سب کو حیران کردیا۔
انہوںنے ٹوئیٹر پیغام میں ریاست کی تمام جامعات سے مطالبہ کیا کہ ہر جامعہ 3 طلبہ اور 3 طالبات کو نامزد کردے تاکہ وہ ان میں سے کسی کو بطور وزیر منتخب کرلیں۔نامزد طلبہ و طالبات کے لیے ضروری ہے کہ وہ گزشتہ دو سالوں کے دوران جامعہ سے فارغ التحصیل ہوئے ہوں یا پھر جامعہ میں آخری سال میں زیر تعلیم ہوں۔
ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر عربی اور انگریزی میں کیے گئے ٹوئیٹس میں شیخ محمد کا کہنا ہے کہ وہ 25 برس سے کم عمر کوئی نوجوان مرد یا خاتون کا چناؤ کرنا چاہتے ہیں تاکہ وہ نوجوانوں کے امور کی نمائندگی کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی کابینہ میں بطور وزیر اپنے فرائض سرانجام دے۔انہوں نے واضح کیا کہ عرب معاشروں میں نوجوانوں کی نمائندگی 50 فی صد ہے لہذا ان پر اور ان کے مسائل پر توجہ بھی اسی شرح کی متوازی ہونی چاہیے۔شیخ محمد کا مزید کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات نوجوانوں کی ریاست ہے اور ان ہی کی وجہ سے عالمی سطح پر پہلی پوزیشنوں تک پہنچی، نوجوان ریاست کی طاقت اور تیز رفتار ترقی کا راز ہیں اور وہ ایسا خزانہ ہیں جن کو آنے والے دنوں کے لیے جمع کیا جا رہا ہے۔