دبئی ٹیسٹ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف6 وکٹ پر 315 رنز بنالئے ہیں۔ کالی آندھی ٹیم کی جانب سے ڈیرن براوو اور مالن سمیئولز نے نصف سنچریاں اسکور کیں ہیں۔
دبئی کے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ویسٹ انڈیز نے69 رنز ایک کھلاڑی آوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو بریتھ ویٹ32 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔
بعد میں مارلن سیمئول اور ڈیرن براوو نے اسکور کو آگے بڑھاتے ہوئے182 رنز تک پہنچایا، جب سیموئلز 76 رنز بنا کر سہیل خان کا شکار بنے۔ دونوں کے درمیان 113 رنز کی شراکت بنی۔
چوتھی وکٹ پر براوو اور بلیک ووڈ نے بھی77 رنز جوڑے۔ بلیک وڈ37 رنز اور روسٹن چیز6 رنز بنا کر وہاب ریاض کو اپنی وکٹیں دے بیٹھے۔
ادھر ڈیرن براوو پاکستانی بولرز کے سامنے ڈٹے رہے، انہوں نے258 گیندوں کا سامنہ کرتے ہوئے87 رنز اسکور کیے۔ وہ گرین شرٹس کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے آل رائونڈر محمد نواز کی پہلی وکٹ بنے۔
ویسٹ انڈیز نے کھیل کے اختتام تک315 رنز بنائے اور انہیں فالو آن سے بچنے کے لئے مزید67 رنز درکار ہیں۔ کالی آندھی ٹیم کی جانب سے شین ڈورچ اور کپتان جیسن ہولڈر کال چوتھے دن وکٹ پر موجود ہونگے۔