لاہور……..بیٹے کے برطانوی پاسپورٹ پر خاتون کی دبئی روانگی کا کیس۔ پی آئی اے افسران کو 5000 درہم جرمانہ اپنی جیب سے ادا کرنا پڑا۔ غفلت کے مرتکب امیگریشن اہلکاروں کو بھی ملازمت سے برطرف کر دیا گیا۔ فنگر پرنٹس، سکینرز اور کمپیوٹرز سب بیکار۔ پی آئی اے نے لاہور ایئرپورٹ سے مردانہ پاسپورٹ پر خاتون کو دبئی پہنچا دیا۔ اپنی نوعیت کا یہ انوکھا ترین واقعہ پیش آیا 16دسمبر 2015 کو، جہاں برطانوی نژاد پاکستانی خاتون افشاں صدیق کو پی کے 203 کے ذریعے لاہور سے دبئی جانا تھا۔وہ غلطی سے اپنا پاسپورٹ گھر بھول آئیں اور بیٹے زین احمد کا پاسپورٹ لے کر ایئرپورٹ پہنچ گئیں۔پی آئی اے کےعملے اور امیگریشن حکام نے برطانوی پاسپورٹ کی اتنی تعظیم کی کہ اسے چیک کرنا بھی مناسب نہ سمجھا۔ بورڈ پاس جاری کر دیا اور خاتون مسافر پہنچ گئیں دبئی۔دبئی ایئرپورٹ پر امیگریشن حکام نے خاتون کا نا صرف پاکستان ڈی پورٹ کر دیا بلکہ پی آئی اے کو بھی 5000 درہم جرمانہ کیا۔ انکوائری کے بعد پی آئی اے کے 2 اہلکار سلیم چوہان اور ندیم تاج کو شوکاز نوٹس جاری ہوا اور 5000 درہم جرمانہ بھی ان کی تنخواہوں سے کاٹا گیا۔ ادھرامیگریشن حکام نے غفلت کے جرم میں اپنے دونوں اہلکاروں اے ایس آئی محمد علی اور کانسٹیبل تنویر کوملازمت سے برطرف کر دیا۔