دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز اظہر علی کی شاندار ٹرپل سنچری کے بعد پاکستان نے پہلی اننگز تین وکٹ پر 579 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی جبکہ جواب میں ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 69 رنز بنالئے ہیں۔
دبئی ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی پاکستان کا پلہ بھاری رہا جہاں ایک جانب سے اظہر علی ویسٹ انڈین بولرز کی درگت بناتے رہے تو دوسری جانب سے پہلے اسد شفیق اور اور پھر اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بابر اعظم نے نصف سنچری اسکور کی ۔
اسد اور بابر تو آؤٹ ہوگئے لیکن اظہر علی جمے رہے اور اپنی ٹرپل سنچری مکمل کی ۔ اظہر علی کی ٹرپل سنچری مکمل ہوتے ہی مصباح الحق نے اننگز ڈیکلیئر کردی ۔ اظہر نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 302 رنز بنائے ۔
جواب میں دوسرے روز کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے ایک وکٹ پر 69 رنز بنالئے تھے۔ لیون جونسن ویسٹ انڈیز کے آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے جو پندرہ رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔
کریگ بریٹ ویٹ بتیس اور ڈیرن براو چودہ رنز بناکر وکٹ پر موجود تھے ۔