گجرات(نمائندہ یس اُردو)ضلعی انتظامیہ نے فلور ملزمالکا ن کو ہدایت کی ہے کہ آئندہ آٹے کے ہر تھیلے کے ساتھ فلور ملز کا نام،تھیلے کا وزن، مینوفیکچرنگ (پسائی) اور ایکسپائری کی تاریخ پر مشتمل سٹکر بھی لف کرینگے ، فلور ملزایسویسی ایشن ایک ہفتے میں ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائے، اسسٹنٹ کمشنرز آئندہ بدھ سے اس حوالے سے باقاعد ہ چیکنگ کا آغاز کر دیں گے جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کے خلاف قانون کیمطابق سخت ایکشن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے فلور ملز ایسویسی ایشن کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطا ب کرتے ہوئے کیا، اے ڈی سی/ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا، ڈی او سی احمد رضا، اسسٹنٹ کمشنر ز میاں اقبال مظہر، نورالعین ، شعیب نسوانہ، ڈ ی ایف سی شاہنوازچوہان ، سینئر صحافی وسیم اشرف بٹ، صدر فلور ملزایسویسی ایشن چوہدری افتخار احمد ، عہدے دار نواز بٹ، فیاض چیمہ، عثمان پرویز، چوہدری مظہربھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ پنجاب حکومت اور ضلعی انتظامیہ شہریوں کو صحت بخش اشیائے خورد و نوش کی فراہمی کا عزم کئے ہوئے ہے اس مقصد کے لئے فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے شکایات سامنے آئی ہیں کہ فلور ملز آٹے کے تھیلے پر پسائی اور اسکے استعمال کی معیاد درج نہیں کرتیں اور زائد المعیاد آٹا بھی فروخت کرکے شہریوں کی صحت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے فلور ملز ایسویسی ایشن کے نمائندوں کو ہدایت کہ آٹے کے ہر تھیلے پر اسکے اوپر والے حصے کی طرف سلائی کے ساتھ سٹکر لگایا جائے گا جس پر فلور ملز کا نام، آٹے کے تھیلے کا وزن، پسائی اور اسکی معیاد کی تاریخ درج ہو گی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پسے ہوئے آٹے کی زیادہ سے زیادہ معیاد ایک ماہ ہوگی جبکہ فلور ملزآٹے کے وزن کو یقینی بنانے کی بھی ذمہ دار ہوں گی جبکہ ایسویسی ایشن ہی تمام ممبران کو آگاہ کرنے کی پابند ہوگی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ فلور ملز ایسویسی ایشن کو دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لئے آئندہ بدھ سے چیکنگ کا آغاز کر دیا جائے نیز آٹے کے تھیلے کا وزن بھی چیک کیا جائے ۔ انہوں نے واضع کیا کہ ہدایات پر عمل نہ کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی۔ اس سے قبل ڈی ایف سی نے بتایا کہ فلور ملز کو پہلے ہی اس حوالے سے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔