کراچی: مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر نہال ہاشمی کی ویڈیو افشا ہوگئی جس میں وہ شریف خاندان کا احتساب کرنے والوں اور ان کے بچوں پر پاکستان کی زمین تنگ کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔
تحریک انصاف کی جانب سے مسلم لیگ کے رہنما نہال ہاشمی کی 28 مئی کو کی گئی ایک تقریر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ہے۔ ویڈیو میں نہال ہاشمی خطاب کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں تم جس کا احتساب کر رہے ہو وہ نوازشریف کا بیٹا ہے۔ ہم نواز شریف کے کارکن ہیں۔ جنہوں نے حساب لیا ہے اور جو لے رہے ہیں کان کھول کر سن لو، ہم تمہیں نہیں چھوڑیں گے، تم آج حاضر سروس ہو، کل ریٹائر ہوجاؤ گے۔ ہم تمہارے بچوں اور خاندان کے لئے پاکستان کی زمین تنگ کردیں گے۔ احتساب لینے والوں ہم تمہارا یوم حساب بنادیں گے۔ بعد ازاں اس متنازع تقریر پر ایکسپریس نیوز سے گفتگو میں اپنا موقف دیتے ہوئے نہال ہاشمی نے کہا کہ میری تقریر غیر جمہوری افراد کے خلاف تھی۔ مسلم لیگ (ن) کا ہر دور میں احتساب ہوتا رہا ہے۔ اگر مجھے جے آئی ٹی کے بارے میں بولنا ہوتا تو نام لیتا۔ احتساب کے نام پر انتقام نہیں ہونا چاہیے اور میں یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کررہا تھا۔ جب پاکستان ترقی کرتا ہے ایسا مائنڈ سیٹ آجاتا ہے جو پاکستان کو پیچھے لیجانا چاہتا ہے ۔کچھ لوگ پاکستان کو آگے نہیں جانے دینا چاہتے اور پاکستان میں کچھ لوگ آئین اور جمہوریت کے خلاف ہیں۔ دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے سینیٹر نہال ہاشمی کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) عدلیہ اور اداروں کے احترام پر مکمل یقین رکھتی ہے اور نہال ہاشمی کے بیان کا شریف خاندان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔