ریاض(ویب ڈیسک )مکہ مکرمہ ریجن کی تحصیل البیضامیں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیںج س سے شہری خوفزدہ ہو گئے تاہم اس کے نتیجے میں کسی قسم کا جانی و مالی نقصان نہیں ہوا ۔ جیو لوجیکل سروے بورڈ کے نمائندے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ’ مکہ مکرمہ کی البیضا تحصیل میں زلزلے کی شدت دو درجے کی رہی۔ یہ معمولی نوعیت کا زلزلہ تھا۔ شہری دفاع کے اہلکارو ں نے علاقے کا دورہ کیا ہے۔محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ البیضا کے تمام شہری اور مقیم غیر ملکی محفوظ ہیں۔ البیضا تحصیل مکہ مکرمہ شہر سے 55 کلو میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔دوسری جانب ایک خبر کے مطابق سعودی عرب نے عمان ، فرانس ، جرمنی ، ترکی اور اسپین سمیت پانچ ملکوں کے شہریوں پر مملکت میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے .قبل ازیں سعودی حکومت نے9 ممالک کے ساتھ شہریوں کی آمد ورفت معطل کرنے کا اعلان کیا تھا سعودی عرب نے فیصلہ کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے کیا ہے. کرونا وائرس سے متاثرہ جن 9 ممالک کے ساتھ سفری آمدورفت معطل کی گئی تھی ان ممالک میں متحدہ عرب امارات ،کویت ، بحرین ، لبنان ، شام ، عراق ، مصر ، اٹلی اور جنوبی کوریا شامل ہیں. اس فیصلے کے تحت ان ممالک سے آنے والے مسافروں کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی اس کے علاوہ اگرکسی شخص نے گذشتہ دو ہفتے کے دوران میں ان ممالک کا سفر کیا ہے تو اس کو بھی سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی.سعودی عرب نے ان 14 ممالک کے ساتھ طیاروں کے علاوہ بحری جہازوں کی آمد ورفت بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سعودی وزارت داخلہ کے ایک ذریعے نے وضاحت کی ہے کہ مذکورہ بالا ممالک اگر مملکت سے اپنے شہریوں کا انخلا چاہتے ہیں تو اس فیصلے کا اطلاق ان کی پروازوں پر نہیں ہوگا.