پیرس (میاں امجد) پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف خان نے زلزلے میں جانی اور مالی نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی اور آزمائش میں کارکن اور مقامی تنظیمیں متاثرین کی امداد کے لئے نکلیں۔
محمد یوسف خان نے کہا کہ سرکاری اور نجی تنظیمیں زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ متاثرین کو نہیں بھولنا چاہیے۔ کیونکہ ہمارا قومی مزاج ہے کہ چند دن جوش و خروش نظر آتا ہے اور پھر ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں۔
انہوں نے اندرون اور بیرون ملک مخیر حضرات سے اپیل کہ وہ متاثرین کی دل کھول پر امداد کریں تاکہ خیبر پختونخواہ اور دیگر علاقوں کے مکینوں کو فی الفور بحال کروایا جاسکے۔ اور وہ اپنے معمولات زندگی کو بحال کر سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی امداد کرتے وقت رازداری پر عمل کرتے ہوئے دکھاوے اور ریاکاری سے کام نہ لیا جائے۔ یہ خالصتاً اللہ کی خوشنودی کے لئے ہونا چاہیے۔ ورنہ پبلسٹی تو ہوجائے لیکن شاید اللہ کو یہ پسند نہ آئے۔