جدید ٹیکنالوجی بنی نوع انسان کے لئے آئے دن نت نئی اور ناقابل یقین سہولیات متعارف کرا رہی ہے۔
یہ اسی جدیدیت کا نتیجہ ہے کہ اب کوئی ان پڑھ شخص بھی پڑھے لکھے افراد کے مقابلے میں آ سکتا ہے۔ ان پڑھ افراد کے لیے یہ سہولت عام اینڈرائیڈ موبائل فون پر ایک ایپ کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ ’ایزی اردو‘ نامی اس ایپ کے ذریعے موبائل فون کے صارفین اپنی آوازوں کو بڑی تیزی سے تحریروں میں بدل سکتے ہیں۔ جیسا کہ میں یہ تحریر آپ کیلئے اسی ایپ کے ذریعے بول کر لکھ رہا ہوں۔
پڑھے لکھے افراد کے لئے تو کوئی مسئلہ نہیں کہ وہ کی پیڈ پر اردو لکھ سکتے ہیں مگر موبائل فونز کے کی بیڈز کے ذریعے ایک ایک لفظ سے الفاظ بنانے اور پھر تحریریں لکھنے میں کافی دیر لگتی ہے لیکن اس ایپ کے ذریعے بہت جلد بڑی سے بڑی تحریر محض بول کر پلک جھپکتے میں لکھی جا سکتی ہے۔
درحقیقت اس ایپ سے اصل اور جادوئی فائدہ ان پڑھ افراد کا ہے جو بول کر اپنے خیالات کو پلک جھپکتے ہی تحریروں میں بدل سکتے ہیں۔ دلچسپ بات یہ کہ اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کی کوئی فیس بھی نہیں اور اینڈرائیڈ موبائل فون رکھنے والے صارفین اسے باآسانی ایک منٹ سے بھی کم وقت میں اپنے موبائل فون پر ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔
ایزی اردو ایپ ڈاون لوڈ کرنے کے بعد اسے اوپن کریں تو چند سیکنڈوں میں دو مختلف سیٹ اپ پر کلک کرکے موبائل فون پر ایزی اردو کی بورڈ انسٹال کرنا ہوگا۔ اس کے بعد آپ کے موبائل فون کا کی پیڈ تبدیل ہو جائے گا۔ یہی نہیں کی بورڈ کی تبدیلی کے بعد اسے اپنی پسند کے مطابق ڈیزائن یا رنگوں میں تبدیل کرسکتے ہیں۔
ایپ ڈاون لوڈ کرنے کے بعد آپ اپنی مرضی سے کسی بھی ایپ میں جاکر اردو بول کر اسے تحریر میں لا سکتے ہیں۔ اس جادوئی ایپ کے ذریعے محض اردو ہی نہیں دنیا کی کوئی بھی زبان لکھی جا سکتی ہے۔ شرط یہ ہے کہ وہ زبان آپ اپنے کی پیڈ میں ڈاؤن لوڈ کر چکے ہوں۔
بالکل صحیح تحریر لکھنے کے لیے شرط یہ ہے کہ آپ اردو یا کوئی بھی مطلوبہ زبان کے صحیح الفاظ کی ادائیگی کریں۔ مطلب یہ کہ آپ کی زبان کو یہ ایپ سمجھ سکے اور اسے تحریر میں لا سکے۔ یہی نہیں آپ دنیا کی کوئی بھی زبان بول کر اسے کسی بھی زبان میں ترجمہ کر سکتے ہیں۔
اس ایپ کی مدد سے دوسرا بڑا فائدہ کم پڑھے لکھے افراد کے لیے ہے جو اردو تو لکھ سکتے ہیں مگر انہیں انگریزی نہیں آتی اور انہوں نے اپنے سامنے والے کو انگریزی میں اپنی بات سمجھانا ہے۔
اردو کے لیے یہ ایپ ڈاون لوڈ کرنے کے بعد کی بورڈ پر سیدھے ہاتھ پر دیئے گئے بٹن پر سبز لائٹ بند کرنے آپ اردو میں کی بورڈ پر بولیں گے تو وہ اس کا انگریزی ترجمہ کرکے تحریر کر دے گا۔
آپ ان پڑھ ہیں آپ کو اردو بھی لکھنا نہیں آتی تو محض اردو بول کر اپنا مطلب انگریزی میں تحریر کر سکتے ہیں۔ جو اردو میں بولی گئی کسی خبر کی شکل میں ہو سکتا ہے یا آپ اپنے کسی دوست کو انگریزی میں خط لکھ سکتے ہیں۔ اس کے لیے الفاظ کی کوئی قید نہیں آپ جتنا اردو بو لیں گے ایپ اسے اتنا ہی انگریزی میں ٹرانسلیٹ کرکے لکھتا جائے گا۔
علاوہ ازیں ایپ میں جاکر زبانوں کی تبدیلی سے اردو بول کر اسے کسی بھی زبان میں تحریر کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ سے بول کر موبائل فون پر ڈاؤن لوڈ کیے گئے کسی بھی ایپ مثلاً وٹس ایپ، میسنجر، ایس ایم ایس، فیس بک، ای میل یا کسی بھی ویب سائٹ پر لکھا جاسکتا ہے۔
پاکستانی الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر کام کرنے والوں کے لیے یہ ایپ کسی نعمت سے کم نہیں۔