اسلام آباد : صدر ممنون حسین کا کہنا ہے بھارت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بلاجواز پروپیگنڈہ کر رہا ہے جب کہ یہ منصوبہ صرف بھارت ہی نہیں بلکہ کئی دیگر ممالک کو بھی ہضم نہیں ہورہا۔
نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھارت سمیت دیگر ممالک کے تحفظات بلاجواز ہیں جب کہ حکومت نے تہیہ کر رکھا ہے کہ ملکی روشن مستقبل کے لئے منصوبے کو ضرور مکمل کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومت سنجیدہ اقدامات کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے قوم کو حکومت اور پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور عوام اقتصادی منصوبے پر بھارت کی جانب سے کئے جانے والے پروپیگنڈے پر مشتعل نہ ہوں بلکہ اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں، حکومت ملک میں معیشت کی بحالی، اندرونی سیکیورٹی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان اپنی فوج اور عوام کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے جب کہ ملک کی حفاظت کے لئے قوم اور مسلح افواج نے عظیم قربانیاں دی ہیں جن کی بدولت پاکستان پرامن اور خوشحال ملک بنے گا۔