counter easy hit

ایجوکیشنل سیمینار کی تیاری زور و شور سے جاری، بڑی تعداد میں شرکت کرنے کی اپیل

Dr M Raghib Deshmukh

Dr M Raghib Deshmukh

پونہ (ڈاکٹر محمد راغب دیشمکھ ) ملک کے بدلے ہوئے سیاسی منظر نامہ نے ہندوستانی معاشرے پر بڑے دوررس اثرات مرتب کئے ہیں۔ ملک کی تعلیمی سرگرمیاں اس سے اچھوتی نہیں ہیں۔ تعلیم کے حوالے سے جو حکومتی سرگرمیاں / سرکاری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اس سے نہ صرف اقلیتیں پریشان ہیں بلکہ اکثریتی طبقہ بھی شش و پنج کا شکار ہے۔ بہر حال اقلیتی تعلیمی اداروں کے لئے مسائل دن بدن شدید تر ہوتے جا رہے ہیں۔ دستورِ ہند کے ذریعے اقلیتوں کی دیئے گئے خصوصی تحفظات کو نہ صرف قانون حقِ تعلیم ٢٠٠٩ء نے نظر انداز کیا تھا بلکہ ٢٨ اگست ٢٠١٥ء کے جی آر نے بھی اقلیتوں کے حق میں دستور ہند کی جانب سے میسر کردہ ان خصوصی نوازشات کا بالائے طاق رکھ دیا ہے۔ جس خصوصی فکر کے ساتھ حکومت ِ ہند اور حکومتِ مہاراشٹر تعلیمی میدان میں سرگرمِ عمل ہیں اس سے اقلیتی تعلیمی ادارے مستقبل میں جن مسائل سے دوچار ہونے والے ہیں آج اس کا پورا پورا اندازہ لگانا مشکل نہیں ہے۔

آج سی سی آئی مستقبل کے اس تعلیمی منظر نامے کو تشویش کی نظروں سے دیکھ رہی ہے۔ CCI قومی سطح کا ایک رجسٹرڈ Umbrella NGO ہے جو رضاکارانہ طور پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے تعلیمی ، سماجی، معاشی اور طبی مسائل کے حل کیلئے ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ملک بھر میں سرگرمِ عمل ہے۔ یہ ادارہ کسی ایک اہم مسئلہ پر NGO کو تربیت سے سرفراز کر کے برسرِ پیکار کر تا ہے۔ پچھلے چار سالوں سے گورنمنٹ اسکالر شپ کے عنوان پر مہاراشٹر بھر میں بڑے پیمانے پر اس کی سر گرمیاں جاری رہی ہیں۔ یہ ادارہ اپنے نیٹ ورک کے ذریعے نہ صرف مہاراشٹر میں بلکہ ملک بھر میں سرگرمِ عمل ہے۔

اس ادارے نے تعلیمی مسائل کی صورتِ حال کو محسوس کرتے ہوئے مہاراشٹر کی معروف تعلیمی شخصیت عالی جناب پی ۔ اے ۔ انعامدار کی سرپرستی میں سرگرمِ عمل ہونے کا تہیہ کیا ہے۔ چنانچہ یہ طے پایا ہے کہ مہاراشٹر کاسمو پولیٹین ایجوکیشن سوسائٹی ( پونے) کے اشتراک سے سی سی آئی (CCI) ٥ دسمبر ٢٠١٥ء بروز سنیچر اعظم کیمپس پونہ میں ایک روزہ ایجوکیشنل سیمینار کم ورکشاپ کو عمل میں لائے۔ اس سیمینار میں اقلیتی تعلیمی اداروں (اردو) کے انتظامیہ کے مسائل، پرنسپل/ ہیڈ ماسٹرس کو درپیش نظم و نسق کے مسائل اور گورنمنٹ اسکا لر شپ سے متعلق وہ مسائل جن سے طلبہ، سرپرست حضرات و دیگر متعلقین دوچار ہیں، زیر بحث ہونگے۔

اس پروگرام میں ماہرینِ تعلیم کی تقریریں کم اور مندوبین کی عملی شرکت زیادہ سے زیادہ ہوگی، چنانچہ اپنی نوعیت کے اعتبار سے یہ ایک منفرد پروگرام ہوگا۔ مذکورہ بالا تینوں مسائل پر سوالنامے (Questionaire) مہیا کئے جائیں گے، جن پر علیحدہ علیحدہ حلقہ واری بحث و مباحثہ (Group Discussion) ہوں گا۔ تاکہ Grass Root Level پر کام کرنے والے حضرات جو ان مسائل سے عملاً جوڑے ہوئے ہیں ، ان سے مسائل کی شناخت(Identification) ہوسکے۔ نیز آئندہ کے لائحہ عمل کے تعین میں ان کی رائے کو شامل کیا جاسکے۔ اس پروگرام میں اس بات کا جائزہ لینے کی کوشش کی جائے گی کہ کیا اردو تعلیمی حلقہ کا کوئی پریشر گروپ تشکیل دیا جا سکتا ہے جس کے توسط سے مسائل کو حل کیا جا سکے۔

اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے CCI کا ایک وفد مہاراشٹر بھر کے دورے پر نکلا ہوا ہے۔ نیز اپنے نیٹ ورک کے ذریعے مہاراشٹر بھر کے تعلیمی اداروں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس پروگرام میں شرکت کے خواہشمند تعلیمی حضرات پروفیسر عبد المجید صدیقی ( صدر سی سی آئی) سے Email: abmajeed.siddiqui@gmail.com موبائل نمبر (08600173630) پر اور جناب اشفاق عمرسے ashfaqueumar@gmail.com (موبائل نمبر: 0997669266 ) پر رابطہ قائم کر سکتے ہیں۔