برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے) عید الاضحی ایثار رواداری صبر و برداشت کے ساتھ احکامات الہیٰ کی پیروی کا درس دیتی ہے، اسلام امن کا نام ہے نعرہ تکبیر لگاکر انسانی جان لینے والوں اور اسلام کے نام پر فساد برپا کرنے والوں کا مسلمانوں سے کوئی تعلق نہیں ہے جواں سال نسل کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرواتے ہو ئے دہشت و وحشت کے چنگل سے آزاد کروانا ہو گا۔
ان خیالا ت کا اظہا ر معروف برطانوی مذہبی سکالر و انچار ج ضیاء الامہ سنٹر بو زلے گرین امام شاہد تمیز نے عید الاضحی کے موقع پر ضیاء الامہ سنٹر میں عوام الناس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔ انہو ں نے کہاکہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ نے احکامات الہیٰ پر عمل پہرا ہو کر یہ ثابت کردیا کہ انسان کی جان و مال اولاد اور ہر شے سے بڑھ کر خالق و مالک کے بتائے ہو ئے راستے کی پیروی ہے۔
انہو ں نے کہاکہ عید الاضحی اس یاد کو تازہ کرتی ہے کہ اللہ کی راہ میں اپنی قیمتی سے قیمتی شے قربان کردینا ہی درحقیقت عبادت و بندگی ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ مسلمان مومن پر یہ لازم ہے کہ وہ احکامات الہیٰ پر عمل کرنے کو اپنی انا خواہشات اور پسند ناپسند پر فوقیت دے ۔ انہو ں نے کہاکہ آج اسلام اور اللہ کا نام لیکر فساد برپا کرنے والوں کو مسلمانوں کی صف میں شامل نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ اسلام کے اندر کسی ایک بیگناہ انسان کو قتل کرنا پوری انسانیت کے قتل کے برابر ہے۔
انہو ں نے کہاکہ سریا شام اور عراق کے اندر خارجی ٹولہ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو نقصان پہنچانے کے لیے برسر پیکار ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ دین کے نام پر معصوم جانوں کا ضیاع اور عورتوں کی عصمت دری کا بازار گرم کرنے والوں کے عزائم اسلام کے منافی ہیں۔ انہو ں نے کہاکہ نوجوان نسل کو ان شیطانی قوتوں سے محفوظ بنا نے کے لیے احکامات الہیٰ اور حقیقی اسلامی تعلیمات سے مزین کرنا ہو گا۔
انہو ں نے مزید کہا کہ عید کی خوشیوں کے موقع پر مقبوضہ کشمیر فلسطین اور دیگر اسلامی ریاستوں میں موجود ظلم و ستم کا شکار مسلمان بھائیوں کو بھی اپنی دعائوں میں یاد رکھنا چا ہیے ۔ انہو ں نے کہاکہ قربانی کا گوشت ان یتیم لا وارث بے وائوں اور بے سہاروں میں بھی لازمی تقسیم کرنا چاہیے جو اس سے محروم دکھائی دیتے ہیں ۔ اس موقع پر دنیا میں امن و امان کے قیام اور دہشتگردی و انتہا پسندی کے خاتمہ کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔