لاہور; ماہرین فلکیات نے پیشگوئی کی ہے پاکستان سمیت دیگر ممالک میں رواں سال عیدالفطر مورخہ 5 جون بروز بدھ کو ہونے کا امکان ہے۔
انٹرنیشنل ایسٹرونومیکل سینٹر (آئی اے سی) نے پیشگوئی کی ہے کہ تمام براعظموں میں مورخہ 3 جون کو یکم شوال کا چاند نظر آنے کے امکانات روشن ہیں۔ آئی اے سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا بھی امکان ہے کہ امریکا کے جنوبی حصوں میں 3 جون کو صرف ٹیلی سکوپ کے ذریعے یکم شوال کا چاند دیکھا جا سکے جبکہ عرب ممالک، ایشیا، افریقا اور آسٹریلیا کے زیادہ تر حصوں میں 4 جون کو نظر آنے کا امکان ہے۔ انٹرنیشنل ایسٹرونومیکل سینٹر (آئی اے سی) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جہاں ماہ صیام کا آغاز 6 مئی سے ہوا وہاں 4 جون تک 30 روزے مکمل ہونگے جبکہ ایسے ممالک جہاں 7 مئی سے آغاز ہوا وہاں ممکن ہے کہ 29 روزے ہوں۔ ماہرین فلکیات کی پیشگوئی میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، بنگلا دیش، انڈیا، برونائی، ایران، عمان اور مراکش میں عین ممکن ہے کہ یکم شوال کا چاند 4 جون کو نظر آ جائے، اس لیے ایسے ممالک میں 5 جون بروز بدھ کو عیدالفطر ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں رمضان کا آغاز کل بروز منگل سے ہورہا ہے اور ملک میں روزے کا سب سے زیادہ دورانیہ 15 گھنٹے، 14 منٹ ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رمضان المبارک کا آغاز کل سے ہورہا ہے، اس حوالے سے جاری ایک رپورٹ میں تفصیلات دی گئی ہیں کہ پاکستان میں سب سے لمبا روزہ کتنے گھنٹے کا ہوگا اور دنیا کے دیگر ممالک میں روزے کتنے گھنٹے کے ہوں گے۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے لمبا روزہ روس میں رکھا جائے گا
ماہرین کے مطابق دنیا بھر میں طویل ترین روزے روس کے شہر مرمانسک میں رکھا جائے گا جس کا دورانیہ زیادہ سے زیادہ 20 گھنٹے 45 منٹ ہوگا۔ اسی طرح سب سے چھوٹا روزہ ارجنٹینا کے شہر اوشوالا میں رکھا جائے گا اور اس کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 11 گھنٹے ہوگا۔ ماہرین کے مطابق پاکستان میں روزے کا سب سے زیادہ دورانیہ 15 گھنٹے اور 14 منٹ ہوگا، اس کے علاوہ آئس لینڈ میں روزہ 19 گھنٹے 26 منٹ کا ہوگا۔ ناروے میں روزہ 18 گھنٹے 43 منٹ، اسکاٹ لینڈ میں روزہ 18 گھنٹے 14 منٹ، ایران میں 15 گھنٹے 26 منٹ، سوئیڈن میں 19 گھنٹے 43 منٹ، سعودی عرب میں روزہ 14 گھنٹے 37 منٹ کا ہوگا۔ اسی طرح برطانیہ میں 17 گھنٹے 51 منٹ اور بھارت میں روزے کا زیادہ سے زیادہ دورانیہ 14 گھنٹے 51 منٹ کا ہوگا۔