تحریر: ابرار حیدر
یوم پاکستان کے موقع پر23مارچ کو آٹھ سال بعد اسلام آباد میں پریڈ کی تیاریاں زورو شور سے جاری ہیں۔شہریوں میں جوش و خروش ،جذبہ پایا جا رہا ہے۔پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں اور آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹروں نے یوم پاکستان کی مشترکہ فوجی پریڈ کی ریہرسل کے سلسلہ میں فلائی پاسٹ کیاتو جڑواں شہروں کے مکینوں نے منگل کی صبح فضائیہ کے ایف سولہ اور جے ایف تھنڈر طیاروں کی کم بلندی پر پروازیں دیکھیں۔ طویل عرصہ کے بعد لڑاکا طیاروں کے فلائی پاسٹ نے سماں باندھ دیا تھا۔
آرمی ایوی ایشن کے گن شپ اور ٹرانسپورٹ ہیلی کاپٹروں نے بھی اس کے بعد فلائی پاسٹ کی ریہرسل کی۔یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تیاریاں نکتہ عروج کو چھو رہی ہیں۔ پریڈ ایونیوکی تکمیل بھی زور و شور سے جاری ہے جب کہ پریڈ میں حصہ لینے کیلئے فوجی دستے دارالحکومت پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ ٹینکوں اور دیگر مشینی دستوں کیلئے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے عقب میں جگہ مختص کی گئی ہے۔ پاک چائنا سینٹر کے ایک حصہ کو یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کی تیاریوں کے سلسلہ میں کیمپ آفس کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ چین نے یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ کیلئے مواصلاتی آلات کا تحفہ دیا ہے۔ یہ آلات چند روز پہلے پریڈکے کیمپ آفس میںپاکستان کے فوجی حکام کے سپرد کئے گئے۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کی زیر صدارت 23مارچ پریڈ کی سیکورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں راولپنڈی اور اسلام آباد کی انتظامیہ اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ،اس موقع پر وزیر داخلہ کو سیکورٹی کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پربریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ سیکورٹی کے انتظامات کے ساتھ ساتھ اس بات کا خاص خیال رکھا جائے گا کہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑنا پڑے۔اور شہریو ں سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی قانون نافذ کرنے والے ادارو ں ،پولیس سے تعاون کریں کیونکہ شہریوں کے تعاون کے بغیر دہشت گردی کو جڑ اکھاڑا نہیں جا سکتا ہے۔ ایس ایس پی اسلام آباد ٹریفک پولیس ملک مطلوب احمد نے 23 مارچ کو شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں آرمی نیشنل پریڈ کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا۔ ٹریفک پلان کے مطابق 23 مارچ پریڈ 2015 ء کی تقریب شکرپڑیاں گرائونڈ میںمنعقد کی جارہی ہے، پریڈ میں مدعو کئے گئے شہریوں کی رہنمائی کیلئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے، اسلام آبادمیں ہیوی ٹریفک کا داخلہ 22 مارچ رات 12 بجے سے لے کر 23 مارچ دن ایک بجے تک ممنوع ہوگا۔
لاہور سے آنے والی چھوٹی گاڑیاں روات ٹی کراس سے راولپنڈی صدر روڈ سے گزرتی ہوئی پشاور جی ٹی روڈ سے موٹر وے پر جاسکیں گی۔ ایئر پورٹ راولپنڈی سے آنے والی تمام گاڑیاں ایکسپریس وے سے ہوتی ہوئی کھنہ پل کے اوپر سے ہوتے ہوئے لہتراڑ روڈ استعمال کرتے ہوئے اور ترامڑی چوک سے بائیں مڑکر پارک روڈ سے ہوتے ہوئے راول ڈیم چوک سے مری روڈ سے گزر کر اسلام آباد کے جی سیکٹرز اور کشمیر ہائی پر جاسکیں گی جبکہ کشمیر چوک سے مڑتے ہوئے براستہ بھارہ کہو سے مری بھی جاسکیں گی۔ پریڈ میں آنے والے مہمانوں کی سہولت کیلئے مختلف رنگوں میں دعوتی کارڈ جاری کئے گئے ہیں جو راستہ، پارکنگ کی جگہ اور بیٹھنے کی جگہ ظاہر کرتے ہیں مثال کے طور پر اگر آپ کو لال رنگ کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے تو آپ لال رنگ کی روٹ مارکنگ اور لال رنگ کی پارکنگ میں گاڑی کھڑی کرکے اسی رنگ والی جگہ پر بیٹھیں، پریڈ گرائونڈ کے اطراف میں فیض آباد فلائی اوور، اسلام آباد ایکسپریس وے، نمائش روڈ، شکرپڑیاں چوک، زیروپوائنٹ، کشمیر ہائی وے، ڈھوکری چوک، راولپنڈی ڈیم، مری رڈ، آئی جے پی روڈ، تمام شرکاء اپنے کارڈ کلر کے مطابق مقرر کردہ روٹ استعمال کریں جو لوگ مری روڈ راولپنڈی سے آنے کا ارادہ رکھتے ہیں وہ فیض آباد فلائی اوور استعمال کرکے اسلام آباد ایکسپریس وے پر پہنچیں گے وہاں سے شکرپڑیاں چوک سے یوٹرن لے کر عارضی راستہ برائے داخلہ نمبر 1 کو استعمال کرکے اپنی کار پارکنگ کی طرف داخل ہوں گے۔
جو لوگ اسلام آباد آنے کاارادہ رکھتے ہیں اور سبز رنگ اور کالے رنگ کا جاری شدہ کارڈ کے حاصل کردہ ہیں وہ اسلام آباد ایکسپریس وے کی طرف شکرپڑیاں سگنل کراس کرکے عارضی راستہ برائے داخلہ نمبر 1 جوکہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر بنایا گیا ہے سے اپنی کار پارکنگ کی طرف آئیں گے، مختلف رنگوں کے سائن بورڈز اور فوجی افسران آپ کی اپنی کار پارکنگ کی طرف رہنمائی کریںگے۔ جو لوگ راولپنڈی، جہلم اور منگلا سے براستہ اسلام آباد ایکسپریس وے آئیں گے وہ فیض آباد انڈر پاس سے گزر کر شکرپڑیاں سگنل سے پریڈ گرائوڈ کی طرف یوٹرن لے کر عارضی راستہ برائے داخلہ نمبر 1 جوکہ اسلام آباد ایکسپریس وے پر بنایا گیا ہے سے آئیں گے عارضی راستہ نمبر ایک برائے داخلہ نمبر 1 آپ کو اپنی کار پارکنگ کی طرف سے لے جائے گا۔ وہ شرکاء جن کے پاس زرد اور لال رنگ کے دعوت نامے ہیں وہ وہی راستہ استعمال کریں گے جو سبز نمبر 1 اور کالے رنگ کے کارڈز رکھنے والے استعمال کریں گے لیکن وہ لوگ عارضی راستہ برائے داخلہ نمبر 2 جوکہ اسلام آباد ہائی وے پر بنایا گیا ہے سے پریڈ ایونیو میں داخل ہوں گے۔ نیلا، لال نمبر 2سبز نمبر 2 اور میرون رنگ والا راستہ وہ شرکاء جو نیلا لال نمبر 2 سبز نمبر 2 اور میرون رنگ کے دعوت نامے رکھتے ہیں وہ وہی راستہ استعمال کریں جو سبز نمبر 1 اور کالے رنگ کے راستے کیلئے مختص ہے لیکن ایسے لوگ عارضی راستہ برائے داخلہ نمبر 3 جوکہ ایکسپریس وے پر بنایا گیا ہے سے پریڈ ایونیو میں داخل ہوں گے۔ اسلام آباد ایکسپریس وے کھنہ پل سے زیرو پوائنٹ، گارڈن ایونیو، لوک ورثہ روڈ اور ہیلی پورٹ روڈ صبح ٰ6 بجے سے 12 بجے دن 20 ،21، 22 اور 23 مارچ کو بند رہے گی اور اس دوران دارالحکومت میں ہیوی ٹریفک کے داخلہ پر مکمل پابندی ہوگی۔ ہیوی ٹریفک جو روات سے آئے گی وہ مال روڈ، روات ٹی کراس جہلم روڈ، سواں اڈہ، کچہری چوک، پیر ودہائی فلائی اوور، گولڑہ موڑ کی طرف موڑ دی جائے گی۔ عام پبلک ٹرانسپورٹ جو راولپنڈی سے اسلام آباد کی طرف چل رہی ہے وہ میزائل چوک سے کھنہ پل، لہتراڑ روڈ، کیپٹن نعیم طفیل شہید چوک، پارک روڈ راول ڈیم چوک کی طرف موڑ دی جائے گی اور وہ دائیں طرف مری روڈ کشمیر ہائی کی طرف مڑیں گی اور کشمیر چوک سے بائیں طرف کشمیر ہائی وے اور اسلام آباد کیلئے مڑیں گی۔ جنرل پبلک کیلئے ٹرانسپورٹ جو آئی جے پی روڈ سے فیض آباد فلائی اوور سے 9th ایونیو کشمیر ہائی وے پر موڑ دی جائے گی۔ جنرل پبلک کیلئے ٹرانسپورٹ جو راولپنڈی سے آنے والی ہے کو مری روڈ پر سٹیڈیم کی طرف 9th ایونیو تک کشمیر ہائی وے کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تکلیف سے بچنے کیلئے پریڈ دیکھنے کیلئے اپنے سفر کا آغاز جلد کریں، کھانے پینے کی چیزیں ساتھ لانے سے گریز کریں۔ انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ سٹیکر اپنی کار کے بائیں طرف اوپر کونے میں فرنٹ شیشے پر چسپاں کریں۔ قومی شناختی کارڈ (کمپیوٹرائزڈ) اور دعوتی کارڈ ہمراہ لانا نہ بھولیں۔ تمام گاڑیاں کار پاکنگ میں جانے سے پہلے پوری طرح چیک کی جائیں گی اس سلسلے میں عملے کے ساتھ تعاون کریں۔تمام ڈرائیورز حضرات کو ہدایت کریں کہ وہ گاڑیوں میں موجود رہیں۔ کیمرہ، موبائل فون، ہینڈ بیگ اور کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانا منع ہے۔ تمام شرکاء صبح 8 بج کر 30 منٹ پر اپنی کار پارکنگ میں پہنچ جائیں۔ اپنی سہولت کی خاطر گھر سے جلدی نکلیں، آپ کی تفریح اور ریفریشمنٹ کے لئے تمام انتظامات موجود ہیں، مہمان خصوصی کے جانے کے اور پریڈ ختم ہونے سے پہلے کسی گاڑی کو باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ آنے جانے کیلئے اپنا مخصوص روٹ استعمال کریں، صرف دعوتی کارڈز رکھنے والے حضرات کو آگے جانے کی اجازت ہوگی، مشکوک افراد یا اشیاء کی موجودگی کی اطلاع1135 اور 15 پر کریں۔ موسم کی خرابی کی صورت میں پریڈ منسوخ کرنے کا اعلان ریڈیو، ٹی وی پر مورخہ 23-03-2015 کو صبح 6 بجے کردیا جائے گا۔ تمام مہمانوں سے اپیل ہے ملٹری پولیس اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔
تحریر: ابرار حیدر