لاہور: تحریک انصاف کے سینئر رہنماء اعجاز چوہدری نے استعفیٰ دے دیا ہے، اعجاز چوہدری نے استعفیٰ وزیراعلیٰ پنجاب سے ناراضگی کے باعث دیا ہے، اعجاز چوہدری نے اپنے استعفے میں کارکنان کے کام نہ ہونے کا شکوہ کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اعجاز چوہدری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اعجاز چوہدری نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی کو بھیج دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اعجاز چوہدری کو وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے کام نہ ہونے پر تحفظات تھے۔ انہوں نے اپنے استعفے میں بتایا کہ صوبے میں تحریک انصاف کی اپنی حکومت ہے لیکن اس کے باوجود کام نہیں ہو رہے ہیں۔ حکومت مجھ سمیت تمام کارکنان کو نظر انداز کر دیتی ہے۔ اعجاز چوہدری نے کہا کہ میری برداشت اب ختم ہوچکی ہے۔ ہمارے جائز مسائل حل نہیں ہو رہے۔ جس کے باعث میں اور میرے کارکنان شرمندہ ہوتے ہیں۔ اعجاز چوہدری کا استعفیٰ پارٹی کیلئے بڑا دھچکا ہے کہ کارکنان کے کام نہ ہونے سے پارٹی کے سینئر رہنماء نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اعجاز چوہدری پارٹی کے سینئر رہنماء اور مشکل وقت میں ہمیشہ پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے۔ اعجاز چوہدری کے ساتھ ان کے متعدد ساتھی بھی پارٹی سے الگ ہوجائیں گے۔