counter easy hit

قلب اثیم سے قلب سلیم

Dervish

Dervish

تحریر : شاہ بانو میر
ایک بزرگ دریا کے کنارے دنیا سے قدرے ہٹ کر کٹیا میں رہتے تھے ان کے پاس ایک نوجوان گیاجو حق کا متلاشی تھا اس نے سوال کیا کہ بابا جی بتائیے بھلا قرآن پاک پڑھنے سے دل کا زنگ کیسے اترتا ہے جبکہ ہمیں سمجھ بھی نہیں آتی بابا جی گہرے استغراق میں گم تھے سنی ان سنی کردی نوجوان نے پھر سوال کیا جب تیسری مرتبہ اس نے یہی سوال کیا تو بابا جی نے بیزارگی سے اسے جواب دیا جا وہاں کونے میں بالٹی پڑی پہے اس میں سے کوئلے نکال کر رکھ دے اور قریب ہی دریا سے پانی بھر کر لا نوجوان حد ادب کی وجہ سے سوال کے اس عجیب جواب پر جزبز ہوا مگر احترام حائل تھا لہٍذا خاموشی سے اٹھا اور بالٹی لے کر باہر دریا کی جانب روانہ ہوا کوئلوں کی وجہ سے بالٹی باہر سے چمکدار اور اندر سے سیاہ تھی-

جیسے ہی نوجوان نے دریا سے پانی پانی لیا بالٹی کو اٹھا کر چلا تو یکایک اسے معلوم ہواکہ بالٹی میں سوراخ ہیں جس سے پانی کٹیا تک پہنچتے پہنچت سارا بہہ گیا – وہ اندر داخل ہوا بابا جی نے سارا ماجرہ سنا اور کہا دوبارہ جا نوجوان سمجھ گیا کہ بابا جی کی بات می ضرور کوئی حکمت ہے لہٍذا بالٹی اٹھائی اور پھر چل پڑا دوبارہ پانی بھرا پھر وہی ہوا سارا پانی پہنچنے سے پہلے بہہ گیا

بابا جی نے سنا پھر کمال لاپروائی سے کہا جا پھر لا نوجوان نے اس طرح کئی چکر کاٹے جب تھک گیا تو بابا جی کو کہنے لگا آپ نجانے کیوں میرے ساتھ یہ سلوک کرر ہے ہیں جبکہ آپ دیکھ رہے ہیں بالٹی میں کسی طرح سے پانی نہیں آ سکتا اب بابا جی مسکرائے اور کہا ذرا دیکھ بالٹی کو اندر سے کیا یہ ویسے ہی سیاہ ہے؟ جیسے پہلے چکر مین تو نے اسے دیکھا تھا؟

نوجوان نے بالٹی کو دیکھا اور کہا نہیں اب تو یہ صاف ہو گئی اتنی بار پانی جو بھرا اس میں بابا جی شفقت سے مسکرائے پانی نہیں پہنچا لیکن اس کی صفت نے اس بالٹی کو سیاہ سے سفید کر دیا یہی قرآن پاک ہے پڑھتا جا پڑھتا جا پڑھتا جا اس کی صفات تیرا دل یونہی زنگ سے صاف کر کے اس دل مین موجود دنیا داری کے سوراخوں سے سارا زنگ بہا لے جائیں گی آخر میں دل صاف ستھرا دنیا کی آلائش سے پاک نتھار کر تجھے

اللہ سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے جوڑ دے گا یہی تھا تیرے سوال کا جواب آیئے ہم بھی دل می لگے ہوئے زنگ کو سیاہی کو بد اعمالیوں گناہوں کوتاہیوں غلطیوں کے باوجود مسلسل قرآن پاک سے جُڑے رہیں انشاءاللہ ایک دن آجائے گا

جب ساری سیاہی ساری ،کثافت ساری غلاظت سارا زنگ اس کی تلاوت اور تاثیر سے اتر جائے گا پیچھے رہ جائے گا صبغت اللہ صرف اللہ کا رنگ اور یہی ہے تبدیلی قلب اثیم کی قلب سلیم میں

Shahbano Mir

Shahbano Mir

تحریر : شاہ بانو میر