اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے لیے پولنگ سکیم کا ڈرافٹ جاری کر دیا، حتمی پولنگ سکیم 22 جون کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے ملک بھر کے لیے پولنگ سکیم کا ڈرافٹ جاری کر دیا ہے، پولنگ سکیم میں ووٹرز کی تعداد اور پولنگ سٹیشن کی تفصیلات شامل ہیں۔ پولنگ سکیم میں شماریاتی بلاک کوڈ کی تفصیلات بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق حتمی پولنگ سکیم 22 جون کو جاری کی جائے گی۔
دوسری جانب شیر اور بلے کے انتخابی نشان کی خواہشمند ایک اور سیاسی جماعت سامنے آ گئی، شیر اور بلے کے انتخابی نشان کے لیے دو دو سیاسی جماعتوں نے درخواستیں دائر کر دیں۔ امن ترقی پارٹی نے ٹائر، شیر اور بلے کے انتخابی نشان کے حصول کے لیے درخواست دائر کر دی۔
مسلم لیگ ن نے شیر جبکہ تحریک انصاف نے بلے کے انتخابی نشان کے لیے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، الیکشن کمیشن نے تمام رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں سے انتخابی نشان کے حصول کے لیے درخواستیں طلب کر رکھی ہیں۔
انتخابی نشان کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 25 مئی ہے۔ الیکشن کمیشن کو تاحال 110 میں سے 55 سیاسی جماعتوں نے انتخابی نشان کے لیے درخواستیں دائر کیں۔