اسلام آباد: بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت دیگر کی معافی کی درخواست قبول کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
30 مئی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق، خیبر پختونخوا کے سیکرٹری زکوۃ عشر اور سیکرٹری تعلیم نے بھی الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی جس کے بعد چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے تحریری معافی نامہ قبول کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔
چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد تمام جماعتوں اور عہدیداروں کی ذمہ داری ہے اس لئے مستقبل میں احتیاط برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھرمیں 30 مئی تک حکومتی اختیارات اور کارنرمیٹنگز پر پابندی ہوگی جب کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبے بھی اس دوران روک دیئے جائیں۔