اسلام آباد : تحریک انصاف کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ممبرز مستعفی ہو جائیں۔
خورشید شاہ نے کہا کہ ان چاروں ارکان کا انتخاب انہی کی زیر صدارت کمیٹی نے کیا تھا اور وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں۔ تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے چار صوبائی ارکان کے استعفے کے مطالبے پر حمایت حاصل کرنے کے لیے قائد حزب اختلاف سے ملاقات کی اور انھیں اس معاملے پر اپنا ہم خیال پایا۔
شاہ محمود قریشی نے الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان پر مستعفی ہونے کے لیے زور دیا اور ان پر ملک میں سیاسی کشیدگی کو ہوا دینے کا الزام بھی لگا دیا۔الیکشن کمیشن کے چاروں صوبائی ارکان خورشید شاہ کی زیر صدارت کمیٹی نے منتخب کیے تھے۔ خورشید شاہ نے اپنے منتخب کردہ ارکان پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔