دبئی : پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ کے 81 بلدیاتی حلقوں میں انتخابات سے ایک روز قبل پولنگ ملتوی سے لگتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی ڈوریں غیر متعلقہ حلقوں کی جانب سے ہلائی جا رہی ہیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں اصف علی زرداری نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے بلدیاتی الیکشن کے لئے مکمل تیاری کی، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نےبھی کوئی شکایت نہیں کی بلکہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی مکمل تعاون کا اعتراف بھی کیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات سے ایک روز قبل پولنگ ملتوی کرنا پیپلز پارٹی کوعوامی حمایت سے دور کرنے کی سازش ہے اور سیاسی یتیموں کو شکست سے بچانے کے لئے کوشش کی جارہی ہے۔
پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں الیکشن کمیشن کو مکمل خود مختاری دی تھی۔ انتخابات سے ایک روز قبل الیکشن کمیشن کے فیصلوں سے لگتاہے الیکشن کمیشن کی ڈوریں غیر متعلقہ حلقوں کی جانب سے ہلائی جا رہی ہیں۔