نگراں وزیراعظم ناصر الملک کا کہنا ہے کہ غیرجانبدارانہ، شفاف اور آزاد انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق نگراں وزیراعظم ناصرالملک نے چیف الیکشن کمشنر سردار رضا سے ملاقات کی جس میں عام انتخابات 2018کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔ اعلامیہ میں مزید بتایا گیا ہےکہ نگراں وزیراعظم نے عام انتخابات 2018کے لیے الیکشن کمیشن کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہارکیاہے۔ اس موقع پر نگراں وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر کو یقین دلایا کہ غیرجانبدارانہ، شفاف اور آزاد انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔ چیف الیکشن کمشنر نے نگراں وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پرامن انتخابات کے لیے ملک کے تمام اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔