اسلام آباد : جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے فیصلہ معطل کیا۔ عدالت نے خواجہ سعد رفیق کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔
الیکشن کمیشن اور حامد خان سمیت تمام آر اوز کو نوٹس جاری کر دیئے گئے ہیں، درخواست میں نادرا اور دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا تھا۔ سپریم کورٹ نے پی پی 155 سے متعلق فیصلہ بھی معطل کر دیا۔ عدالت نے درخواست کی مزید سماعت 4 ہفتے کے لیے ملتوی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ این اے 125 میں انتخابات کے دوران ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق نے کامیابی حاصل کی تھی جس کو تحریک انصاف کے حامد خان نے الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کر دیا تھا۔
جس پر الیکشن ٹربیونل نے خواجہ سعد رفیق کی کامیابی کو کالعدم قرار دیتے ہوئے حلقے میں 60 روز کے اندر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد خواجہ سعد رفیق نے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔