ملتان (جیوڈیسک) پاکستان تحریک انصاف وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں دھاندلی ثابت ہونے پر وزیر اعظم اسمبلیاں تحلیل کرنے اور نگران حکومت لانے کے پابند ہونگے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن میں ہمارے وکلا جرح کریں گے اور اصل حقائق پولنگ بیگ کھلنے کے بعد تھیلوں کے اندر سے نکلیں گے۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بننے کے بعد ہم پارلیمنٹ میں آئے ہیں اور ہم اس کا حصہ ہیں آج ان لوگوں کو ہی تکلیف ہو رہی ہے جو دھرنے کے دوران ہمیں پارلیمنٹ واپس آنے کو کہتے تھے۔
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ماضی میں ٹھپے لگاتی تھی تاہم حلقے میں اتنا خوف تھا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار تک کھڑے نہیں کیے لیکن 246 کا الیکشن بہترین ماحول میں ہوا ہے جس کے نتائج ہم نے تسلیم کیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں کسانوں کا استحصال ہو رہا ہے اور انہیں ان کی اجناس کی ٹھیک قیمتیں نہیں مل رہی ہیں جبکہ ن لیگ کے عہدے دار اپنے من پسند لوگوں میں باردانہ تقسیم کر رہے ہیں۔