اسلام آباد: انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی تجویز کو رد کرتے ہوئے تصاویر والی انتخابی فہرستیں امیدواروں کو بھی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انتخابی اصلاحات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے الیکشن کمیشن کی بھرپورمخالفت کے باوجود بھی تصاویر والی ووٹرز فہرستیں امیدواروں کو دینے کا متفقہ فیصلہ کرلیا ہے اور اس فیصلے کو کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں اور نادرا حکام کی حمایت حاصل ہے۔ فیصلے کے بعد کوئی بھی امیدوار اپنے حلقے کی ووٹرکی تصاویر والی فہرست حاصل کرسکے گا جس کے بعد کروڑوں ووٹروں کی رازداری ختم ہونے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کی تصاویر والی فہرستیں کسی بھی غیر متعلقہ شخص کی دسترس تک پہنچ جائیں گی، خواتین ووٹرز اپنی تصاویر کے ساتھ تمام ڈیٹا عام کیے جانے پر اعتراض کرسکتی ہیں جب کہ مذہبی حلقوں کی جانب سے بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اس فیصلہ شدید ردعمل کا خدشہ ہے۔ واضح رہے کہ ووٹرز کی تصاویر والی لسٹیں صرف انتخابی عملے کو فراہم کی جاتی ہیں تاکہ پولنگ کے دوران ووٹر کی شناخت میں آسانی ہو اور انتخابی عمل شفاف طریقے سے مکمل کیا جاسکے۔