بیجنگ …… حکومتی سبسڈی کے باعث چین میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے۔ دنیا کی سب سے بڑی کار مارکیٹ چین میں کامیاب تجربہ اس ٹیکنالوجی کو دنیا بھر میں مقبول بنا سکتا ہے۔
اگرچہ چین میں الیکٹرک گاڑیوں کی طلب اب بھی کوئی بہت زیادہ نہیں ہے لیکن گزشتہ ایک برس سے ان گرین کاروںکی مانگ میں چار گنا اضافہ ہوا ہے۔اس کی بڑی وجہ اس شعبے میں چینی حکومت کی طرف سے دی جانے والی مختلف مراعات ہیں۔ بیجنگ کی کوشش ہے کہ ماحول دوست ٹیکنالوجی سے بالخصوص شہری علاقوں میں ہوا میں موجود آلودگی کو ختم کیا جائے۔آٹو انڈسٹری ماہرین کا خیال ہے کہ کار ساز اداروں نے اگر اپنی اس نئی ٹیکنالوجی کو چین میں کامیاب بنا دیا تو دیگر ممالک بھی الیکٹرک کاروں کی طرف راغب ہو جائیں گے۔ایرنسٹ اینڈ یونگ آٹو ایکسپرٹ ژاں فرانسوا بیلورگی نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین میں الیکٹرک گاڑیوں کی کامیابی کی صورت میں اس کی خرید میں اضافہ ہو گا اور اس کے نتیجے میں اس ٹیکنالوجی کی قیمت بھی گرے گی، یوں یہ کاریں دیگر ممالک کے عوام کے لیے بھی مناسب داموں پر دستیاب ہو سکیں گی۔